انسانی حقوق کے رہنما یٰسین ملک کی رہائی کیلئے کردار ادا کریں، راجہ خالد محمود خالق

May 27, 2022

بریڈ فورڈ (نمائندہ جنگ) اوورسیز ایڈوائزری کونسل آزادکشمیر کے مرکزی صدر راجہ خالد محمودخالق نے کہاہے کہ کشمیری حریت پسند رہنما یاسین ملک بے گناہ ہیں، انہیں صرف اور صرف کشمیریوں کی آزادی و خود مختاری کیلئے آواز بلند کرنے پر سزا دی جارہی ہے، معروف کشمیری رہنما یاسین ملک کویرغمال رکھنے اور سزا کے خلاف برطانیہ میں مقیم پاکستانی و کشمیری کمیونٹی بھارتی سفارت خانہ کےباہر احتجاجی مظاہرے کرے گی۔ بھارتی عزائم کو ناکام بنادیں گے،بھارت بخوبی جانتا ہے کہ آزادی کےمتوالوں کو پھانسی دینے یا قتل کرنے سے تحریکیں کبھی نہیں رکتیں ، لہٰذا بھارت کو ہوش کے ناخن لینےچاہئیں اور عالمی رہنماؤں، انسانی حقوق کے دعوے داروں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، ہم اس سے ایک انچ پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں، مودی نے5اگست 2018کو غیر قانونی قانون منظور کیا، کشمیر کے عوام اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق فیصلہ چاہتے ہیں، یاسین ملک کے کیس کوعالمی سطح پر اٹھایا جائے ، حریت رہنما یاسین ملک نے اپنی پوری زندگی کشمیر کاز کے لئے وقف کی ہے۔کشمیری عوام بھارتی غنڈہ گردی کےآگے نہ پہلے جھکے ہیں اور نہ اب جھکیں گے، بھارت نے حریت قائد سیدعلی گیلانی کا جنازہ پڑھنے کی بھی اجازت نہیں دی تھی، بھارت کو سید علی گیلانی کے جسد خاکی سےبھی خوف تھا، آج ان کی قبر پر بھی پہرا ہے، ہندوستان چاہتا ہی نہیں کہ کشمیر میں پرامن آزادی ہو، آزادی کی آواز بلند کرنے والے یاسین ملک کو فری ٹرائل دینے سے روکا جا رہا ہے، عالمی برادری کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ بھارت کی جانب سے کھلم کھلا عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔