ورلڈ سافٹ بال پر تقریب

June 21, 2022

ورلڈ سافٹ بال کی تقریب میں آصف عظیم ڈی جی کے ڈی اے کو سوینئر پیش کرتے ہوئے

ڈائریکٹر جنرل کراچی ڈیویلمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) اور سندھ سافٹ بال ایسوسی ایشن کے پیٹرن سید محمدعلی شاہ نے کہا ہے کہ کھیلوں میں پاکستان کے شاندار ماضی کوواپس لانے کیلئے ہم سب کومشترکہ جدوجہد کرنا ہوگی جس کیلئے ضروری ہے کہ کھیلوں کی ترقی اور فروغ کیلئے مل جل کر کاوششیں کی جائیں انٹرنیشنل ایونٹس میں پاکستان کیلئے میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کی حکومتی اور پرائیوٹ اداروں کیجانب سے حوصلہ افزائی کی جائے تو مزید بہترین نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ورلڈبیس بال سافٹ بال کنفیڈریشن کے تحت 140 سے زائدممالک میں منائے جانے والے ورلڈسافٹ بال ڈے کے موقع پر سافٹ بال فیڈریشن آف پاکستان کیجانب سے اپنے دفتر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل آصف عظیم نے کہا کہ ملک میں سافٹ بال کے مزید فروغ اور ترقی کیلئے ضروری ہے کہ سرکاری اداروے اپنا بھرپور کردار ادا کریں تا کہ کھلاڑیوں کو کھیل کی بنیادی ضروریات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ معاشی طور پر مستحکم کرنے کیلئے اقدامات کئے جا سکیں۔

پوائنٹ کراچی کرکٹ اکیڈمی کے تحت اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن سندھ (سجاس) کے سابق سیکریٹری اصغر عظیم کے اعزاز میں "ایک شام اصغر عظیم کے نام" سے تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں پوائنٹ کراچی کرکٹ اکیڈمی کے سرپرست معروف سیاسی و سماجی شخصیت کامران ٹیسوری، سابق ٹیسٹ کرکٹرز توصیف احمد، شعیب محمد، اولمپئنز حنیف خان، ناصر علی، وسیم فیروز، کے ایچ اے کے چیئرمین گلفراز احمد خان، صوبائی کوآرڈینیٹر برائے ہاکی محکمہ کھیل حکومت سندھ حیدر حسین، اسپورٹس آرگنائزر محمد نسیم، ڈائریکٹر اسپورٹس کے ڈی اے ایاز منشی، سجاس کے پیٹرن خواجہ احمد مستقیم، صدر آصف خان، سیکریٹری شاہد ساٹی، پاکستان اسپورٹس رائٹرز فیڈریشن کے سینئر نائب صدر سید نصر اقبال، سیکریٹری سندھ اولمپک ایسوسی ایشن احمد علی راجپوت، سینئرنائب صدر انجینئر محفوظ الحق، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر میڈیا آصف عظیم، اسپورٹس میڈیا کوآرڈینیٹر کاشف احمد فاروقی، سندھ باکسنگ فیڈریشن کے صدر اصغر بلوچ، کمشنر کراچی کے کوآرڈینیٹر برائے اسپورٹس غلام محمد، کے سی سی اے کے سابق جوائنٹ سیکریٹری جمیل احمد، انٹرنیشنل کمنٹریٹر ریاض الدین، پی آئی ایچ کے صدر زاہد شہاب، سیکریٹری پروفیسر راؤ جاوید اقبال اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

پاکستان وہیل چیئر کرکٹ کی چئیر پرسن رخسانہ راجپوت وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ احسان الرحمان مزاری کو اگلے ایشیا کپ کا سوینئر پیش کرتے ہوئے

سندھ زرعی یونیورسٹی کے زیر میزبانی ریسلنگ کے سندھ ریجن کا فائنل کراچی نے جیت لیا، کراچی نے مختلف ویٹ کیٹیگریز میں 4 گولڈ اور 4 سلور میڈل حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی، ان مقابلوں کے دوران گولڈ اور سلور میڈل حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو صوبہ سندھ کی ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔

وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری نے کہا کہ سندھ زرعی یونیورسٹی میں کھیلوں کی ملکی سطح کا آغاز ہو چکا ہے۔ زرعی یونیورسٹی گراؤنڈز اور اسپورٹس کمپلیکس سے تیار ہونے والے نوجوان کھلاڑی جلد ہی ملک کی نمائندگی کریں گے۔ تقریب سے میڈم افشین اختر، انوار حسین خانزادہ، آصف اقبال اور دیگرنے بھی خطاب کیا۔ کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے کہاکہ کراچی میں باسکٹ بال مقابلوں کو فروغ دیا جائے گا، ہر ماہ ایک ایونٹ سے ہم قومی سطح پر اچھے کھلاڑی ملک کو فراہم کر سکتے ہیں۔

وہ اپنے دفتر میں منعقدہ باسکٹ بال تقریب سےخطاب کررہے تھے، انہوں نے کہا کہ ہم سب ملکر کراچی کو مثبت و صحتمند سرگرمیوں کا مرکز بنا ئیں گے، آج شہر کراچی میں بین الاقوامی ٹیمیں اور کھلاڑی ایک پر امن ماحول میں کھیل رہے ہیں بین الاقوامی ایونٹ کا انعقاد شہر کراچی کا امن اور یہاں کے لوگوں کا امن سے محبت کا ثبوت ہے اس موقع پر گو حنیف گوہر، ڈپٹی کمشنر ویسٹ، غلام قادر تالپور، کراچی باسکٹ بال ٹیم کے منیجر غلام عباس جمال ایڈوکیٹ، کوچ ذاہد ملک، کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر غلام محمد خان نے بھی خطاب کیا۔

کمشنر کراچی نے کہا کہ باسکٹ بال سمیت تمام کھیلوں اور کھلاڑیوں کو مکمل سپورٹ کیا جائیگا، نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں اگر آج ہم اپنے نوجوانوں کو اُن کے ٹیلنٹ کو نکھارنے کے لئے بہتر مواقع فراہم کرینگے تو ہمارے یہ نوجوان مستقبل میں نہ صرف شہر کراچی بلکہ ملک کا نام دنیا میں اپنے ٹیلنٹ کے ذریعے منوائیں گے۔

حنیف گوہر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ یوم آزادی پاکستان کے موقع پر شہر قائد میں میگا باسکٹ بال ایونٹ منعقد کیا جائیگا جس کی تمام تر اسپانسر گوہر گروپ کریگا۔