کورونا وبا میں NHS ورکرز نے شاندار خدمات انجام دیں، ساجد جاوید

June 27, 2022

لندن (سعید نیازی) برطانیہ کے ہیلتھ سیکرٹری ساجد جاوید نے کہا ہے کہ دو ضمنی انتخابات میں کنزرویٹو پارٹی کی شکست مایوس کن تھی لیکن حکمران جماعتیں مڈٹرم الیکشنز اکثر ہار جایا کرتی ہیں۔ وہ کنزرویٹو فرینڈز آف این ایچ ایس کی تقریب سے خطاب کررہے تھے جو وبا کے دوران جانفشانی سے کام کرنے والوں کی خدمات کے اعتراف کے لیے منعقد کی گئی تھی۔ ساجد جاوید نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افراد کو ایوارڈز بھی دیئے۔ تقریب میں لندن کے علاوہ دیگر شہروں سے آئے تنظیم کے ارکان بھی شریک تھے۔ ہیلتھ سیکرٹری ساجد جاوید نے کہا کہ ضمنی انتخابات کے نتائج تسلیم کرتے ہیں لیکن اب ہم مسائل کے حل کے لیے زیادہ توجہ سے کام کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی صورت حال بہتر ہے لیکن نیا سب ویریئنٹ بی اے5تیزی سے پھیل رہا ہے۔ اس لیے سب کو یاد کرانا ضروری ہے کہ اگر آپ اسپرنگ بوسٹر کے اہل ہیں تو وہ ضرور لگوالیں۔ انہوں نے کہا کہ این ایچ ایس کے ورکرز سے مل کر بہت خوشی ہوئی ہے جنہوں نے وبا کے دوران شاندار خدمات سرانجام دیں اور ایوارڈ حاصل کرنے والے مبارکباد کے مستحق ہیں۔ کنزرویٹو فرینڈز آف این ایچ ایس کے چیئرمین ڈاکٹر اشرف چوہان نے کہا کہ این ایچ ایس جس کا قیام1945ء میں ہوا تھا جس کے تحت ملک کے ہر شہری کو مفت علاج کی سہولت میسر ہے۔ خواہ وہ امیر ہو یا غریب، اس کے علاوہ یہ یورپ کی سب سے بڑی روزگار فراہم کرنے والی کمپنی بھی ہے جس میں تقریباً20لاکھ افراد کام کررہے ہیں اور اب زیادہ ورکرز بھارت، پاکستان اور جنوبی ایشیا کے دیگر ممالک سے آرہے ہیں اور این ایچ ایس میں50فیصد ڈاکٹرز کا تعلق بھی برصغیر سے ہے اور برصغیر سے آنے والے ڈاکٹرز اور نرسز انتہائی محنتی ہیں، میں خود جب اس ملک میں آیا تھا تو میں نے پہلے 10 سال تین ڈاکٹرز کے برابر کام کیا تھا اور کورونا وبا کے دوران بھی ہمارے ڈاکٹرز نے فرنٹ لائن پر شاندار خدمات سرانجام دیں اور ایک ہزار کے قریب عملہ نے اپنی جان بھی کھو دی، جان سے جانے والوں میں اکثریت بھارتی اور پاکستانی ڈاکٹرز کی تھی، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو صحت کی سہولتوں کی فراہمی کے لیے این ایچ ایس جیسے ادارے کی بنیاد رکھنی چاہئے، انہوں نے کہا کہ فرینڈز آف این ایچ ایس منانے کا مقصد اپنے ڈاکٹرز اور دیگر عملہ کے مسائل کو حکومت سے حل کرانا تھا۔ بریڈ فورڈ سے ڈاکٹر عرفان رشید نے کہا کہ اس تقریب کا مقصد وبا کے دوران جان دینے والے ڈاکٹرز کو خراج تحسین پیش کرنا تھا۔ ڈاکٹر انصر حیات نے کہا کہ اس وقت بڑا مسئلہ علاج کے لیے انتظار کا وقت ہے اور ہمیں ایسی این ایچ ایس چاہئے جوکہ طبی ضرورت مند کی بروقت مدد کرسکے۔ اس لیے حکومت کے ساتھ اس حوالے سے کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ لوگ جب چاہیں اپنے ڈاکٹر سے مل سکیں۔ ڈاکٹر راشد ریاض نے کہا کہ این ایچ ایس میں پاکستان نژاد ڈاکٹرز کی تعداد13ہزار سے زائد ہے۔ تقریب سے ڈاکٹر ایاز اصغر، عثمان خان، ڈاکٹر ذوالفقار خان اور تقریب کے شریک میزبان رمی رینجرز نے بھی خطاب کیا اور این ایچ ایس کے لیے کام کرنے والوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ کوویڈ وبا کے دوران فرنٹ لائن پر کام کرتے ہوئے انتقال کرجانے والے ڈاکٹر عبدالفواد چوہدری کا ایوارڈ ان کے صاحبزادے حسان چوہدری نے حاصل کیا۔ حمیرا کنگ نے گیت بھی پیش کیے۔