یارکشائر میں بس سروس کے ڈرائیورز کی ہڑتال چوتھے ہفتے میں داخل

June 27, 2022

ہیلی فیکس(زاہد مرزا) یارکشائر میں آریوا بس سروس کے ڈرائیورز کی ہڑتال چوتھے ہفتے میں داخل ہو گئی ہے جس سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا، لوگوں کو کام پر جانے اور بچوں کو اسکول جانے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈرائیورز کے مقامی انتظامیہ سے مذاکرات ناکام ہو گئے ہیں۔ آریوا بس سروس کے ڈرائیورز اپنی تنخواہوں میں اضافے کیلئے تیسرے ہفتے سے مکمل ہڑتال پر ہیں۔ برطانوی میڈیا کے مطابق غیر معینہ مدت کے لیے ہڑتال کی کارروائی آج سے ہوگی اور اس میں کیسل فورڈ، ڈیوزبری، ہیکمنڈ وائیک، سیلبی اور ویک فیلڈ کے ڈپوئوں کے بس ڈرائیورز اور انجینئرز شامل ہوں گے ۔ یونائٹ کا کہنا ہے کہ پوری کاؤنٹی میں آریوا کی کم تنخواہ کا مطلب ہے کہ بس کارکنان زندگی کے بحران کے درمیان اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں جب کہ ٹرینز کی ہڑتال سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے اور شہریوں کو گاڑیوں میں تیل بھرنے کیلئے بھاری اخراجات کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے۔