ٹرانسپورٹ فار لندن کیلئے ایمرجنسی فنڈنگ ڈیل میں 13 جولائی تک توسیع

June 27, 2022

لندن ( پی اے ) ٹرانسپورٹ فار لندن ( ٹی ایف ایل ) کیلئے ایمرجنسی فنڈنگ ڈیل میں 13 جولائی تک توسیع کر دی گئی۔ حکومت اور ٹی ایف ایل کے مابین ہنگامی فنڈنگ ​​کے معاہدے میں 13 جولائی تک توسیع کا اعلان جمعہ کو کیا گیا ۔ معاہدے کی میعاد 24 جون کو ختم ہو رہی تھی ۔ تاہم اس معاملے پر مزید بات چیت جاری رہے گی۔ لندن کے میئر صادق خان نے کہا کہ حکومت نے ٹرانسپورٹ فار لندن کیلئے ایمرجنسی فنڈنگ ڈیل میں ایک اور مختصر مدت کیلئے توسیع کی ہے جو کہ صرف چند ہفتوں کیلئے ہے۔ ان کا کہناہےکہ لندن والوں اور اس ٹرانسپورٹ (ٹی ایف ایل ) جس پر وہ انحصار کرتے ہیں سے برتائو کا یہ کوئی طریقہ نہیں ہے۔ ڈیپارٹمنٹ فار ٹرانسپورٹ ( ڈی ایف ایل ) کے ترجمان نے کہا کہ ہم نے پوری کورونا وائرس کوویڈ 19 پینڈامک کے دوران بار بار ٹرانسپورٹ فار لندن نیٹ ورک کو سپورٹ فراہم کرنے کیلئے اپنےخلوص عزم اور وابستگی کا بھرپور اظہار کیا ہے اور ٹرانسپورٹ فار لندن کو تقریباً 5 بلین پونڈ کی ایمرجنسی فنڈنگ ​​فراہم کی ہے اور حالیہ سپینڈنگز ریویو میں بزنس ریٹس ریٹینشن کے ذریعے مزید اربوں پونڈ کی ہر سال فنڈنگ کا وعدہ کیا ہے۔ اور یہ سب کچھ نیشنل فنانسز پر شدید دبائو کے موجودہ حالات میں کیا جا رہا ہے۔ فروری میں طویل مدتی سیٹلمنٹ کی راہیں تلاش کرنے کے وعدے کے بعد ہم نے ٹی ایف ایل اور میئر لندن سے کہا ہے کہ وہ اس بارے میں معلومات فراہم کریں جن سے کافی حد تک یہ پتہ چلے گا کہ موجودہ سیٹلمنٹ میں بیان کردہ شرائط درست طریقے سے چل رہی ہیں ۔ ترجمان کا کہنا ہےکہ میئر لندن کی جانب سے متعد د مواقع پر کھلے عام حکومت سے لانگ ٹرم فنڈنگ سیٹلمنٹ کی فراہمی کے مطالبے کے باوجود انہوں نے بات چیت کو آگے بڑھانے کیلئے درکار ثبوت فراہم نہیں کیے ہیں تاکہ ان کے ذریعے ایک ایسی ڈیل تک پہنچ سکیں جو نا صرف تمام ٹیکس دہندگان کیلئے پیسے کی قدر کی نمائندگی کرے گی بلکہ اس اہم وقت پر لندن اور اس کےعوام کیلئے وقت پر ڈلیورکرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کئی مہینوں سے سینیئر اور ورکنگ لیول پر ٹی ایف ایل کے کے ساتھ آفیسرز کی باقاعدگی سے ملاقاتوں کے باوجود یہ صورت حال ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان معلومات کی فراہمی کے سلسلے میں ٹرانسپورٹ فار لندن ( ٹی ایف ایل ) نے ایک مختصر مدت کی توسیع کیلئے درخواست کی جسے ڈیپارٹمنٹ فار ٹرانسپورٹ نے 19 دن کیلئے منظور کر لیا ہے ۔ ٹرانسپورٹ فار لندن ( ٹی ایف ایل ) کے ترجمان نے کہا کہ ہم حکومت کے ساتھ اپنی فنڈنگ ​​کی ضروریات پر تبادلہ خیال کرتے رہتے ہیں ۔ لندن کی ریکوری کے بغیر کورونا وائرس کوویڈ 19 پینڈامک سے برطانیہ کی ریکوری نہیں ہے اور دارالحکومت میں مناسب طریقے سے فنڈڈ ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کے بغیر لندن کی بحالی ممکن نہیں ہے۔ اس کیلئے ضروری ہے کہ لندن پائیدار اور لانگ ٹرم حکومتی فنڈنگ وصول کرے جو آئندہ برسوں میں لندن ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کو منظم زوال کے پیریڈ سے بچانے کیلئے اہم ہے۔