قیام پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی، خصوصی لوگو جاری

June 29, 2022

اسکرین گریب

قیام پاکستان کے 75 سال مکمل ہونے کی ڈائمنڈ جوبلی کی خوشیوں کے موقع پر’’عزم عالی شان، شاد رہے پاکستان‘‘ کے عنوان سے خصوصی لوگو جاری کیا گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ پاکستان سے محبت اور اس عزم کی تجدید ہے کہ ہمارے بہادر،عظیم بزرگوں اور شہداء نے عزم سے پاکستان بنایا تھا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اسی عزم کے ساتھ معاشی طور پر اسے مضبوط، خود انحصار، فلاحی مملکت اور دفاعی لحاظ سے ناقابل تسخیر بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد حاصل ہوں اور عوام کی زندگیوں میں وہ آسانیاں آئیں جن کا خواب برصغیر کے مسلمانوں نے دیکھا تھا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ معاشی خود انحصاری کے وژن سے پاکستان کے نوجوان حقیقی معنوں میں قوم کے معمار بنیں گے، قومی ترقی کے ثمرات پائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تعلیم، روزگار، کاروبار اور زندگی کے تمام شعبوں میں ہراول دستہ بنیں گے، ہم اپنے نوجوانوں کو فیصلہ ساز بنائیں گے۔