گرانی میں اضافے کے بعد دکان کے ملازمین کے ساتھ تلخ کلامی اور جارحانہ طرز عمل میں اضافہ

June 30, 2022

لندن(پی اے )ایک ریسرچ کے مطابق نئی پینالٹیز کے نفاذ کے باوجود گرگرانی میں اضافے کے بعددکانوں میں ملازمین کے ساتھ بدتمیزی اور تشدد کے واقعات میں اضافہ ہونے کی اطلاعات ملی ہیں،رپورٹ کے مطابق کم وبیش25فیصد ملازمین نے خریداروں کی جانب سے تلخ کلامی اور بدزبانی اور جارحانہ طرز عمل اور تشدد کے واقعات کی شکایت کی ہے کسٹمر سروس انسٹی ٹیوٹ کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 6 ماہ کے دورن44فیصد فرنٹ لائن سروس اسٹاف بدکلامی اور جارحیت کا سامنا کرنا پڑا ،جارحیت کا سامنا کرنے والے 25فیصد ملازمین کاخیال ہے کہ کسٹمر ز کا یہ جارحانہ طرز عمل اشیائے صرف کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کا نتیجہ ہے۔حکومت کی جانب سے نافذ نئے قوانین کے مطابق جارحیت کا مظاہرہ کرنے والے کسٹمرز پر بھاری جرمانے کئے جاسکتے ہیں۔کسٹمر سروس انسٹی ٹیوٹ کے چیف ایگزیکٹو کا کہناہے کہ اشیائے صرف کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ذہنی دبائو اور کھچائو میں اضافہ ہواہے ،انسٹی ٹیوٹ کا کہناہے کہ دکان کے ملازمین کے ساتھ زیادتی پر سخت سزائوں کا قانون ان ملازمین کو کسٹمرز کی زیادتیوں سے بچانے کی مہم چلانے والوں کیلئے خوشی کاموقع ہے ان سخت سزائوں پر عملدرآمد سے ورکرز کو کسٹمرز کے غصے اور تنائو کا شکار بننے سے تحفظ ملے گا، تاہم مجھے خوف ہے کہ برطانیہ کے تاجر اور دکاندارCatch-22کی صورت حال میں پھنس گئے ہیں ،کیونکہ ذہنی دبائو میں اضافہ ہورہا لوگوں میں غصہ بڑھ رہاہے جو وہ ملازمین پر اتارتے ہیں اب نئے قانون کے نفاذ کے بعد مایوسی میں مزید اضافہ ہوگا۔ہمیں یہ سائیکل توڑناہوگا اور سخت محنت کرنے والے ورکرز کو سپورٹ کرنا ہوگا،کسٹمر کاسامنا کرنے والے 1,300 سے زیادہ اسٹاف سے کئے گئے ایک سروے کے مطابق 35 فیصد لوگوں نے شکایت کی کہ گزشتہ6 ماہ کے دوران لوگوں کا رویہ زیادہ درشت اور تلخ ہوگیاہےجبکہ 33 فیصد ورکرز نے بتایاکہ کسٹمر میں بے چینی بہت بڑھ گئی ہے جبکہ 25فیصد نے قیمتوں میں اضافے کو اس کاسبب قرار دیا،انھوں نے کہا کہ اس وقت ملک کو اشیائے کے ذخائر اور عملے کی کمی کا سامناہے اور یہ مسائل اب ختم ہونے والے نہیں ہیں ،قیمتوں میں اضافہ اور افراط زر ابھی مزید کئی مہینے جاری رہے گا اس کیلئے ہمیں تیار رہناہوگا ،انھوں نے آجرین کو مشورہ دیا کہ جارحانہ طرز عمل کو قطعی برداشت نہ کریں اور اپنے ملازمین کو اس طرح کی صورت حال سے نمٹنے کی تربیت دیں تاکہ ان کے ملازمین مشکل صورتحال کامقابلہ کرسکیں۔