ہریام پل کی تعمیر کیلئے فنڈز نہ رکھنا ناانصافی ہے، شفقت اقبال تبسم

June 30, 2022

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ)کمیونٹی فورم وٹفورڈ کے سینئر نائب صدر اور رٹھوعہ ہریام پل کمیٹی کے سر گرم رکن شفقت اقبال تبسم نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے بجٹ میں رٹھوعہ ھریام پل کی تعمیر کے لیے کوئی فنڈز نہیں رکھے گئےجومیر پور کے عوام کے ساتھ ناانصافی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ آزاد کشمیر ماجد خان نے آزاد کشمیر کی تعمیر وترقی کے لیے ایک کھرب 63ارب اور70کروڑ روپے کا بجٹ پیش کیا ہے مگرہریام پل کی تعمیر کو نظر انداز کیا گیا اور اس کی تعمیر کیلئے کوئی فنڈز نہیں رکھے گئے۔انہوں نے کہا حکومت آزاد کشمیر نے صحافیوں کی فلاح اور اشتہارات کے لیے 34کروڑ ، محکمہ برقیات کے لیے ایک ارب دس کروڑ روپے ، محکمہ تعلقات عامہ کے لیے چودہ کروڑ،جاریہ منصوبہ جات کے لیے دو ارب پچیس کروڑاور تعمیر وترقی کے لیے چالیس ارب کے فنڈز رکھے گئے ہیں جبکہ رٹھوعہ ھریام پل ایک منصوبہ جاریہ پراجیکٹ ہے، اس پل کی تعمیر کے لیے چھ پلر لگانے کی اشد ضرورت ہے مگر آزاد کشمیر کی نااہل انتظامیہ اس پل کو گزشتہ پندرہ سالوں میں مکمل نہیں کر سکی ۔ پل مکمل نہ ہونے کے باعث میرپور اکلگڑھ ،اسلام گڑھ ،چکسواری،ناگی اور دیگر علاقوں میں لاکھوں کی تعداد میں عوام اس پل کی عدم تعمیر کے باعث ہر طرح کی سہولیات سے محروم ہیں ۔ انہوں نے کہا اوورسیز کشمیری گزشتہ پندرہ سالوں سے میرپور ایئرپورٹ کی تعمیرکا مطالبہ کر رہے ہیں مگر آزاد کشمیر گورنمنٹ کی عدم دلچسپی کے باعث عوام مشکلات کا شکار ہیں ۔ اوورسیز کشمیری وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس اور صدر آزاد کشمیر سلطان محمود چوہدری سے مطالبہ کرتے رہتے ہیں کہ وہ عوام کے دیرینہ مطالبات پر فوری اقدامات لیے جائیں، شفقت اقبال تبسم نے کہا کہ جہلم اور میرپور کے درمیان ریلوے لائن بچھائی جائے ۔