سید زادہ فائونڈیشن نےمتوسط طبقے کیلئے میڈیکل ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم کردی

June 30, 2022

پشاور(جنگ نیوز)فلاح انسانیت کے جذبے کے تحت کام کر نے والی تنظیم سید زادہ فاونڈیشن کی گورننگ باڈی نے تنظیم کی اب تک کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تنظیم کے پلیٹ فارم سے رفاعی کاموں کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے ، سید زادہ فاونڈیشن کی گورننگ باڈی کا ایک اجلاس سید مدثر علی شاہ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں سید شاہ علی خاور، سید اسدعلی شاہ، سید سرفراز شاہ، عابد کیانی، رضوان لون ، خرم شہزاد، ملک شاہ نواز، روحیل شہزاد، لیاقت خان، ملک فواد، غلام مرتضی اور گورننگ باڈی کے دیگر اراکین نے شرکت کی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فاونڈیشن کے چیئرمین سید زاہد حسین شاہ نے فاونڈیشن کی اب تک کی کارکردگی پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور فاونڈیشن کے تحت مفاد عامہ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا ذکر کیا ۔انھوں نے کہا کہ اکتوبر 2005کے زلزلے کے بعد تباہی و بربادی سے دوچار علاقے بالاکوٹ کے مکینوں کی داد رسی کیلئے خصوصی اقدمات کئے۔ اس سلسلے میں بالاکوٹ کے زلزلے سے متاثرہ متعدد خاندانوں کو (پری فیبری کیٹڈ) تیار گھروں کی فراہمی فاونڈیشن کی جانب سے متاثرین کی نمایاں خدمت رہی اور 2010 میں خیبر پختونخوا کے متعدد علاقوں بشمول اپر سوات کو تباہی سے دوچار کرنے والے سیلاب اور دہشتگردی کے بعد سید زادہ فاونڈیشن نے متاثرین کا ہاتھ تھا ما اور تقریباََ 400 متاثرین کو پشاور کے گورنمنٹ ہائی سکول نمبر 2میں ٹھرانے کیلئے خصو صی اقدامات کئے، اس ہی سیلاب کے دوران پشاور کا علاقہ مومن گڑھی بری طرح متاثر ہوا جس کے مکینوں کیلئے 45گھروں کی تعمیربھی اس تنظیم کے کارہائے نمایاں میں شامل ہے ۔ انھوں نے مزید کہا کہ فاونڈیشن کے زیر انتظام پشاور کے میلاد چوک میں واقع شیر احمد سیٹھی ہائی سکول میں زیر تعلیم یتیم و نادار طلبہ کے تمام تر تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کا سلسلہ2012ء سے جاری اور اس دوران اب تک فاونڈیشن کے تعاون سے درجنوں طلبہ میٹرک تک تعلیم مکمل کر کے آگے بڑھ چکے ہیں۔‎فاونڈیشن کی جانب سے شوکت خانم ہسپتال کو بھر پور عطیات بھی دئے گئے ہیں جبکہ لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کے شعبہ گائنی میں ایک وسیع انتظار گاہ بھی تعمیر کی گئی ہے جو گائنی وارڈز میں داخل خواتین کے لواحقین کوسہولت فراہم کر رہی ہے ۔ علاوہ ازیں کورونا سے پیدا شدہ صورت حال کے تناظر میں بھی انسداد کورونا اقدامات مثلاََ حفاظتی سوٹس ، ماسکس اور سینیٹائزرز کی تقسیم اور مختلف مقامات پر انسداد کورونا سپرے وغیرہ کے حوالے سے بھی سید زادہ فاونڈیشن کی خدمات نمایاں رہیں ۔انھوں نے کہا کہ اس سے ہٹ کر بھی سید زادہ فاونڈیشن دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے متعدد اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے ۔انھوں نے خصوصی طور پر سید زادہ فاونڈیشن کے زیر اہتمام حال ہی میں قائم کئے جانے والے فلاحی کلینک اور میڈیکل لیبارٹری کے خدو خال پر روشنی ڈالی اور کہا کہ بلال ٹاون اکمل شہید روڈ پر واقع اس کلینک اور میڈیکل لیبارٹری میں ماہر ڈاکٹر اور کلینیکل سٹاف کی زیر نگرانی عوام کوno profitبنیادوں پرعلاج معالجے اور ٹسٹوں کی سہولت فراہم کی گئی جو مہنگائی کے اس دور میں فاونڈیشن کی جانب سے پشاور کے شہریوں کی بڑی خدمت ہے ،اجلاس سے سیدسرفراز شاہ ،خرم شہزاد، عابد کیانی، رضوان لون ، لیاقت خان اور ملک فواد نے بھی خطاب کیا۔