آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس برمنگھم کی تنظیم سازی تقریب کل ہوگی

July 01, 2022

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس برطانیہ کے مرکزی کنوینر راجہ اسحاق صابر کا جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آزادکشمیر کی سواد اعظم جماعت مسلم کانفرنس کا متحد و منظم ہونا تحریک آزادی کشمیر کے لیے ناگزیر ہے۔ حریت رہنما اس وقت بھارتی جیلوں میں بھارتی کالے قوانین کی زد میں ہیں اور بالخصوص یٰسین ملک یکطرفہ فیصلے کی وجہ سے عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔ انکی رہائی کے لیے مسلم کانفرنس اس اہم موڑ پر نئے سرے سے ممبر سازی کر کے برمنگھم سے تنظیم سازی کا آغاز کرنے جا رہی ہے۔ اس سلسلہ میں آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس برمنگھم کی تنظیم سازی کی تقریب کل 2 جولائی کو ہوگی اور باہمی مشاورت سے نامزدگیاں کی جائیں گی۔ ویسٹ مڈلینڈ اور گرد و نواح کی تمام مسلم کانفرنسی قیادت سے اپیل ہے کہ وہ اس اہم مشاورتی اجلاس میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔