بیرونس گوہر نے ہاؤس آف لارڈز میں ریڈ بینچز پر نشست سنبھال لی

July 01, 2022

لندن (پی اے) خواتین حقوق کی ایک سرکردہ کمپینر بیرونس گوہر نے ہاؤس آف لارڈز میں اپنی نشست سنبھال لی ۔ ڈی مونٹ فورٹ یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے والی بیرونس گوہر ریڈ بینچز پر ایک آزاد کراس بینچر کے طور پر بیٹھیں گی۔ 53سالہ خاتون نے اپنے مختصر تعارف کیلئے روایتی سرخ رنگ لباس پہنا ہوا تھا ۔ اپر چیمبر میں ہونے والی اس تقریب میں انہوں نے ملکہ سے وفاداری کا حلف اٹھایا ۔ ان کے ساتھ ان کے حامی اور ساتھی کراس بینچر لارڈ جج اور بیرونس واٹکنز آف ٹاویسٹاک بھی موجود تھے۔ لیڈی گوہر خواتین حقوق کی کمپینر اور انتہائی بااثر مسلمان خاتون ہیں جنہوں نے ملکہ کے ساتھ وفاداری کا حلف اٹھایا ۔ وہ قومی ایوارڈ یافتہ چیرٹی مسلم ویمنز نیٹ ورک یو کے (MWNUK) کی سربراہ ہیں۔ ان کی کامیابیوں میں نیشنل مسلم ویمنز نیٹ ورک کی ہیلپ لائن کا قیام بھی شامل ہے۔ انہوں نے 16سے 17سال کی جبری شادی وکٹمز سے وطن واپسی کی فیس وصول کرنے پر دفتر خارجہ کی پالیسی کو بھی کامیابی سے چیلنج کیا تھا جس کو 2017 میں ختم کر دیا گیا تھا ۔ انہوں نے 2021 میں ترقی پذیر ملکوں میں خواتین اور لڑکیوں کی مدد کیلئے نئی چیرٹی آرگنائزیشن نسا گلوبل فاؤنڈیشن قائم کی تھی ۔ انڈی پینڈنٹ ہائوس آف لارڈز اپائنٹمنٹس کمیشن نے ان کی لائف پیئریج کیلئے سفارش کی تھی اور اس موو کو وزیراعظم اور ملکہ نے منظور کر لیا تھا۔