میٹاورس خطرناک ٹیکنالوجی بن کر سامنے آنے کے قابل ہے، بانی انٹرنیٹ

July 01, 2022

کراچی (نیوز ڈیسک) انٹرنیٹ کے موجد اور بانی نے خبردار کیا ہے کہ فیس بُک کی طرف سے پیش کیے جانے والے میٹاورس کا خیال خطرناک ہے اور یہ ٹیکنالوجی غلط ہاتھوں میں پڑ گئی تو اس میں جوہری ہتھیاروں سے زیادہ نقصان پہنچانے کی صلاحیت ہے۔ برطانوی اخبار سے بات چیت کرتے ہوئے برائین شُوسٹر نے کہا کہ میٹاورس ٹیکنالوجی میں وسیع پیمانے پر آبادی کا برین واش کرنے کی صلاحیت ہے اور اس طرح عوام کٹھ پتلی بن سکتے ہیں، لوگوں کی ایک ایسی نئی کھیپ پیدا ہوگی جو تنہائی پسند بن جائیں گے۔ برائین شُوسٹر کو 17؍ سال تک میٹاورس میں کام کرنے کا تجربہ ہے جبکہ وہ اپنی ہی تیار کردہ ٹیکنالوجی Utherverse (اوتھر ورس) پر بھی کام کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات پر بھروسہ نہیں کہ مارک زکر برگ یا فیس بک کبھی اس نتیجے پر پہنچ پائیں گے وہ انسانوں کے فائدے کیلئے دولت اور پیسے کی قربانی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیسہ جب آتا ہے جب عوام خوش ہوں یا پھر ناراض (جس کا فیصلہ آپ کریں گے)، پھر آپ دیکھ لیں کہ آپ کس سمت میں آگے بڑھتے ہیں، ہم نے دیکھ لیا ہے کہ فیس بک کس سمت میں آگے بڑھ رہی ہے اور جہاں تک میٹا ورس کا تعلق ہے تو ہمیں اندازہ ہے کہ کمپنی کس طرف جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مارک زکربرگ کہہ چکے ہیں کہ میٹا ورس موبائل انٹرنیٹ کی جگہ لے لے گی، یہ ایک ورچوئل (غیر حقیقی) اسپیس ہے جہاں آپ کھیل سکتے ہیں، کام کر سکتے ہیں اور لوگوں سے رابطے کر سکتے ہیں۔ برائین شُوسٹرکہتے ہیں کہ ہمیں صرف مارک زکر برگ ہی نہیں بلکہ ہر اس شخص اور کمپنی سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت ہے جو انسانوں کی قیمت پر دولت بنانے کا خواہشمند ہے، ہمارے پاس پہلے ہی فیس بک کی وجہ سے اس قدر مصنوعی پن پھیل چکا ہے کہ اس ٹیکنالوجی کے آنے کے بعد حالات مزید خراب ہو جائیں گے، آپ کو حقیقت نہیں ملے گی، ایک انسان کی حیثیت سے ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ جذباتی تعلق برقرار رکھنا ہے جو طبعی (حقیقی) حالات میں ہی ممکن ہے، میٹاورس کے پیدا کردہ غیر حقیقی حالات میں نہیں۔