برطانوی اراکین پارلیمنٹ پر بچوں کو ایوان میں لانے پر پابندی

July 01, 2022

برطانوی اراکین پارلیمنٹ اپنے بچوں کے ہمراہ

برطانوی پارلیمنٹ کی ایک کمیٹی نے حکم دیا ہے کہ اراکین پارلیمانی کارروائی کے دوران بچوں کو نہیں لے کر آئیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کامنز پروسیجر کمیٹی نے کہا کہ ارکانِ پارلیمنٹ چیمبر، ویسٹ منسٹر ہال یا جنرل کمیٹی میں شرکت کریں تو بچوں کو نہیں لے کر آئیں۔

کمیٹی نے اس بات کو تسلیم کیا کہ ماضی میں جب بھی ارکان اپنے بچوں کو ساتھ لائے تو پارلیمانی کارروائی بغیر کسی خلل کے جاری رہی لیکن اس کے باوجود نیا حکم نامہ نافذ کیا جائے گا۔

اس حکم نامے پر عمل درآمد سے برطانیہ، دنیا کے جدید ممالک سے متضاد قانون اپنائے گا۔

نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی پارلیمنٹ میں قانون سازوں کو بچوں کے ہمراہ آنے کی اجازت ہے۔

وزیراعظم بورس جانسن کے ترجمان نے کہا کہ حکومت ایک جامع پارلیمان کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے لیکن نئے قوانین کا تعلق پارلیمانی حکام سے ہے۔

یاد رہے کہ 2016 میں آسٹریلیا میں اراکین پارلیمنٹ پر سے بچوں کو ساتھ لانے کی ممانعت ختم کردی گئی تھی۔

اسی طرح 2017 میں نیوزی لینڈ کے اسپیکر نے خواتین اراکین پارلیمنٹ کو بچوں کو چیمبر لانے کی اجازت دی تھی۔