شام میں 10 سالہ خانہ جنگی: 3 لاکھ سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے

July 01, 2022

شام میں 2011 کے دوران شروع ہونے والی خانہ جنگی میں اب تک 3 لاکھ سے زائد افراد مارے جاچکے ہیں۔

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 10 سال تک روزانہ 83 شہری قتل ہوئے جس میں 9 خواتین اور 18 بچے شامل ہیں۔

اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق مشیل بیچلٹ نے کہا کہ 3 لاکھ 6 ہزار 887 افراد شام کی خانہ جنگی میں جان گنوا بیٹھے۔

اس رپورٹ میں ایک لاکھ 43 ہزار 350 مرنے والے افراد کے نام، موت کا دن اور مقام درج ہے۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ میں ان افراد کے نام شامل نہیں جن کی موت سے متعلق ان کے اہلخانہ نے حکام کو آگاہ نہیں کیا۔

خانہ جنگی کے دوران مرنے والے فوجیوں اور جنگجوؤں کی تعداد بھی اس میں شامل نہیں ہے۔

یاد رہے کہ شام میں 2011 کی ’’عرب بہار‘‘ کے دوران صدر بشارالاسد کے خلاف خانہ جنگی شروع ہوئی تھی۔