اسلام سیاست کو عین اسلامی فریضہ سمجھتا ہے، جماعت اسلامی

July 02, 2022

لاہور(نمائندہ خصوصی)حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کے زیراہتمام مرکزی و صوبائی ذمہ داران کیلئے چار روزہ تفہیم منصوبہ ورکشاپ کا آغاز ہو گیا ہے، سینیٹر مشتاق احمدنے پہلے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ انسانی زندگی اور تخلیق انسان کا مقصد اللہ کی عبادت و اطاعت کے ہمہ گیر نظام کا قیام ہے۔ اسلام سیاست کو عین اسلامی فریضہ سمجھتا ہے۔ اسلامی نظام کے قیام کے عناصر میں اہم ترین اللہ کے کھینچے ہوئے دائرے میں قرآن وسنت کے مطابق امر بالمعروف نہی عن المنکر کا قیام اورپوری حکومتی مشینری کے ساتھ منکرات روکنا ہے، نائب امیر جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا کہ جماعت اسلامی کے بارے میں یہ پراپیگنڈا ہے کہ جماعت اسلامی کے پاس ماہرین کی ٹیم نہیں، عوام الناس کو باور کروایا جائے کہ جماعت اسلامی کے پاس باصلاحیت افراد کی کمی نہیں، عوامی اعتراف کے نتیجے میں کسی وقت بھی انقلاب کی ایسی لہر بیدار ہو سکتی ہے کہ جس سے جماعت اسلامی لوگوں کی توجہ کا مرکز بن جائے ۔