لاہور(نیوزرپورٹر)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے ایک بار پھر التوا کی خبروں کو بدنیتی پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی حکومت اور پنجاب حکومت عوام کا سامنا کرنے سے مسلسل بھاگ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام جمہوریت کی بنیاد ہے اور اسے بار بار مؤخر کرنا عوام کے آئینی حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے۔محمد جاوید قصوری نے اپنے بیان میں کہا کہ شہباز شریف کی حکومت عوامی حمایت سے محروم ہو چکی ہے، انہوں نے واضح کیا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی آئینی ذمہ داری ہے کہ وہ جاری کردہ انتخابی شیڈول کے مطابق بلدیاتی انتخابات کو یقینی بنائے۔ کسی بھی دباؤ یا حکومتی مداخلت کو قبول کرنا الیکشن کمیشن کی ساکھ کو نقصان پہنچا سکتا ہے ،امیر جماعت اسلامی پنجاب نے پنجاب حکومت پر بھی شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کو آئین کے مطابق ایک بااختیار اور مؤثر بلدیاتی نظام پنجاب کے عوام کو دینا ہو گا۔ نمائشی اختیارات کے حامل بلدیاتی ڈھانچے عوام کے مسائل حل نہیں کر سکتے۔