• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا پاکستان کو مضبوط ریاست کے طور پر تسلیم کررہی ہے: سلمان رفیق

لاہور(جنرل رپورٹر،اپنے نامہ نگار سے،خصوصی نمائندہ،خبر نگار)وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ داخلہ میں علماء کرام سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلہ میں صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق کی جنرل سیکرٹری و ناظم اعلیٰ وفاق المدارس السلفیہ پاکستان پروفیسر محمد یاسین ظفر اور نائب امیر مرکزی جمیعت اہل حدیث پاکستان ڈاکٹر عبدالغفور راشد سے ملاقات ہوئی ہے۔ ملاقات میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا ہے کہ حکومت پنجاب صوبہ بھر میں اتحاد بین المذاہب اور اتحاد بین المسلمین کو فروغ دے رہی ہے۔ پنجاب کو پُر امن بنانا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ آج پوری دنیا میں پاکستان کو ایک مضبوط ریاست کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔ قیام امن کیلئے حکومت کے ساتھ علماء کرام بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے اس موقع پر کہا ہے کہ معزز علماء کرام ہمیشہ امن کے فروغ اور باہمی رواداری کا درس دیتے ہیں۔ لوگوں کو دین کی صحیح روح سے آگاہ کرنا علماء کرام کی عظیم خدمت ہے۔ اس موقع پر علماء کرام نے کہا ہے کہ قیام امن اور معاشرتی فلاح کیلئے حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہیں۔ اتحاد بین المسلمین کیلئے حکومت پنجاب کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
لاہور سے مزید