ڈیرہ بگٹی میں ذیلی شاخوں کے درمیان زمین کا تنازعہ حل کرنے کے لیے جرگہ

July 02, 2022

کوئٹہ(پ ر) زمین کی ملکیت پر دعوے کے باعث بگٹی قبیلے کی ذیلی شاخوں کے درمیان پیدا ہونے والے قبائلی شاخسانہ کے حل کیلئے سوئی میں تیسرا جرگہ منعقد ہوا جس میں ایف سی حکام، ڈی سی ڈیرہ بگٹی ممتاز کھیتران ، میر عطاء اللہ کلپر، وڈیرہ آباد سمیت دیگر عمائدین اور متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی۔ یاد رہے کہ بگٹی قبیلے کی ذیلی شاخ بخالانی اور راہیجہ کے درمیان زمین کی ملکیت کا تنازعہ چلا آرہا تھا لہذا علاقے میں بدامنی اور قبائلی شاخسانہ کے خاتمے کیلئے ایف سی سوئی رائفلز نے گزشتہ ماہ فریقین کے درمیان مصالحتی کردار ادا کرتے ہوئے مختلف اوقات میں جرگے منعقد کیے۔ گزشتہ جرگے کے فیصلے کے تناظر میں جرگہ ارکان نے ریونیو ڈیپارٹمنٹ اور ضلعی انتظامی حکام کے ہمراہ متنازعہ زمین کا دورہ کیا اور ریونیو ریکارڈ کے مطابق حدبندی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ارکان جرگہ میں یہ طے پایا کہ ریونیو ریکارڈ اور حدبندی میں فرق کا حل جرگے کے اگلے اجلاس میں گواہوں کے بیانات قلمبند کرنے کے بعد کیا جائے گا۔عمائدین اور مقامی افراد نے ایف سی بلوچستان کی پرخلوص کوششوں کو سراہتے ہوئے علاقے میں بدامنی کے خاتمے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا۔