سٹی ٹریفک پولیس کی تجاوزات مافیا کیخلاف کارروائیاں‘388افراد گرفتار

July 02, 2022

پشاور( کرائم رپورٹر)سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے تجاوزات مافیا کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 388افراد کو گرفتار کر لیا۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے گزشتہ ہفتے شہر کے مختلف علاقوں میں تجاوزات مافیا کو رضاکارانہ طور پر تجاوزات ختم کرنے کے نوٹسز جاری کئے جبکہ بعد ازاں ان کو تجاوزات کی وجہ سے پیدا ہونے والی مشکلات بارے آگاہ کیا اور ہدایت کی کہ وہ رضا کارانہ طور پر تجاوزات کا خاتمہ کرے بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی تاہم تجاوزات مافیا کی جانب سے اس پر عملدرآمد نہیں کیا جارہا تھا جس پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے مختلف سیکٹروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے گزشتہ ہفتے 388افراد کو گرفتار کرلیا ۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے تجاوزات مافیا کو پہلے نوٹسز جاری کرتی ہے جبکہ اس کے بعد آپریشن کرکے تجاوزات قائم کرنے کے مرتکب افراد کو گرفتار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات مافیا شہر کی خوبصورتی کا خاص خیال رکھتے ہوئے اپنے حدود سے تجاوز نہ کریں اور شہریوں کیلئے کسی قسم کے مشکلات پیدا کرنے سے گریز کریں۔