پشاور(کرائم رپورٹر ) پشاور کے علاقے شاہ پور میں 2ہفتے قبل شہری کے اندھے قتل کامعمہ حل ہوگیا، قتل واردات میں مقتول کا اپناقریبی دوست ملوث نکلا ۔ ڈی ایس پی چمکنی سرکل محمد اشفاق خان کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ شاہ پور جمال شاہ نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دو ہفتے قبل شہری کے اندھا قتل میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا،گرفتار ملزم آصف ولد مختیار سکنہ یوسف آباد رنگ روڈ اور مقتول عنایت اللہ عرف غمے ولد سید امیر جان سکنہ نوے کلے قریبی دوست تھے،جس پر ملزم نے نشے کے دوران منہ زبانی تکرار پر دو ہفتے قبل تھانہ شاہ پور کی حدود شینواری ٹائون میں فائرنگ کرکے مقتول عنایت عرف غمے کو قتل کر دیا تھا، ابتدائی طور پر مقتول کے بھائی مدعی حفیظ اللہ نے تھانہ شاہ پور پولیس کو مورخہ 14 جون 2026 کو اپنے بھائی کے قتل کی نامعلوم ملزم/ ملزمان کے خلاف رپورٹ درج کروائی تھی، جس پر مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی، ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران قتل کا اعتراف کرتے ہوئے واقعے کو منہ زبانی تکرار کا شاخسانہ قرار دیا ہے، جبکہ مقدمے میں مزید تفتیش جاری ہے۔