پشاور (کرائمرپورٹر)پشاور کے علاقے متھرامیں تین ہفتے قبل شہری کے اندھے قتل کا ڈراپ سین ہوگیا جبکہ سیفن نہر سے نامعلوم شخص کی نعش برآمد کرلی گئی ہے ۔متھرا پولیس کے مطابق 10 جون کو تھانہ متھرا کی حدود نواحی علاقے ہندو کسی روڈ میں فائرنگ کرکے سجاد ولد اعجاز کو قتل کیا گیا، ابتدائی طور پر مقتول کی شناخت نہ ہوسکی تھی اور بعد میں مقتول کی شناخت سجاد کے نام سے ہوئی جس پر پولیس نے مختلف پہلووں سے تفتیش کا آغاز کیا ۔ایس ایچ او صدام ریاض کے مطابق کیس ٹریس کرنے کیلئے خصوصی ٹیم شکیل دی گئی اورمقتول کے سی ڈی آر ودیگر پہلووں پر تفتیش شروع کی گئی جس کے دوران وہ ملزموں تک پہنچے ۔ پولیس کا کہناہے کہ ملزموںکی شناخت سلمان، ناصراور ہلال ساکنان متھراسے ہوئی ہے جنہوں نے قتل واقعہ کو مستورات تنازعہ کا شاخسانہ قرار دیا ہے ،گرفتار ملزموں سے مزید تفتیش جاری ہے۔ادھر تھانہ بڈھ بیر پولیس کے مطابق سیفن نہر سے ایک شہری کی نعش برآمد کرلی گئی تاہم اس کے پاس کسی قسم کے شناختی دستاویز موجود نہیں جس کی وجہ سے اس کی شناخت نہ ہوسکی۔پولیس کا کہناہے کہ متوفی کے جسم پر کسی قسم کے زخم کے نشانات موجود نہیں ، انہوں نے بتایاکہ سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع کے ذریعے وہ متوفی کی شناخت کررہے ہیں ،ورثاءملنے کے بعد کیس میں مزید حقائق سامنے آسکیں گے۔