پشاور (نیوز رپورٹر) پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) میں مختلف کیڈرز کے 47 ملازمین کو ترقی دے دی گئی۔ ترقی پانے والے ملازمین میں جونیئر کمپیوٹر آپریٹر، جونیئر کلرک اور دیگر کیڈرز کے ملازمین شامل ہیں۔ترقی کے حوالے سے ایک تقریب پی ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل آفس میں منعقد ہوئی، جس میں ڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے کیپٹن (ر) محمد زبیر نیازی اور ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن وگمہ گل نے ترقی پانے والے ملازمین میں ترقی کے لیٹر تقسیم کیے۔جونیئر کمپیوٹر آپریٹر کے عہدے پر ترقی پانے والوں میں شہزاد اجمل اور ولایت خان سمیت 7 اہلکار جبکہ جونیئر کلرک کے عہدے پر محمد اکرام وغیرہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف کیڈرز کے دیگر ملازمین کو بھی ترقی دی گئی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے کیپٹن (ر) محمد زبیر نیازینے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کی فلاح و بہبود، مسائل کا حل اور انہیں سہولیات کی فراہمی ادارے کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی ملازمین کی محنت اور کارکردگی کا اعتراف ہے اور اس سے ان کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن وگمہ گل نے ترقی پانے والے ملازمین کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ مزید محنت اور لگن سے ادارے کی بہتری کے لیے اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ تقریب کے اختتام پر ترقی پانے والے ملازمین نے پی ڈی اے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں مزید احسن انداز میں سرانجام دیں گے۔