کپل شرما کیخلاف امریکا میں مقدمہ درج

July 03, 2022

فائل فوٹو

بھارتی کامیڈین اسٹار کپل شرما کے خلاف امریکا کی عدالت میں مقدمہ درج کرایا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابقسائی یو ایس اے انکارپوریشن نامی کمپنی نے کپل شرما کے خلاف 2015ء کے شمالی امریکا کے دورے کے دوران معاہدے کی خلاف ورزی پر مقدمہ دائر کیا ہے۔

کمپنی کے سربراہ امیت جیٹ لی کے مطابق معاملہ ان 6 شوز کا ہے جن پر کپل شرما نے 2015ء میں شمالی امریکا میں دستخط کیے اور ادائیگی کی۔

امیت جیٹ لی نے کپل شرما پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے پرفارم نہیں کیا اور کوئی جواب نہیں دیا حالانکہ ہم نے عدالت کے سامنے ان سے رابطہ کرنے کی کئی بار کوشش کی۔

انہوں نے مزید بتایا ہے کہ یہ مقدمہ ابھی تک نیویارک کی عدالت میں زیرِ التواء ہے اور وہ یقینی طور پر کپل شرما کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔

واضح رہے کہ کپل شرما اس وقت کینیڈا میں ہیں اور جولائی کے دوسرے ہفتے میں نیویارک میں پرفارم کرنے والے ہیں۔