پارٹی فنڈ میں غبن، سابق ایم پی کودوسال قید کی سزا

July 05, 2022

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) گلاسگو ایسٹ سے برطانوی پارلیمنٹ کی سابق ممبر نیشلے میک گری کو پارٹی فنڈز میں غبن کرنے پر دو سال قید کی سزا دی گئی ہے۔ ان پر الزامات تھے کہ انہوں نے آزادی کے حامی دو گروپس کے فنڈز میں25ہزار پونڈ کی خورد برد کی۔ نیشلے کے خلاف6ہفتوں تک چلنے والے مقدمے کے دوران کئی درجن گواہ پیش ہوئے جن میں اسکاٹ لینڈ کی سابق ہیلتھ سیکرٹری جین فری لین بھی شامل تھیں۔ جنہوں نے وومن فار انڈی پینڈنٹس کے اکائونٹس میں گڑبڑ محسوس کرنے پر نیشلے کے خلاف رپورٹ کی اور بتایا کہ نیشلے نے اخراجات کے متعلق رسیدیں پیش کرنے پر بھی تاخیری حربے استعمال کیے۔ عدالت کو مزید بتایا گیا کہ نیشلے ذاتی طور پر مالی مشکلات کا شکار تھیں اور اپنے دوستوں اور خاندان سے باقاعدگی کے ساتھ قرض لیا کرتی تھیں۔ قرض دینے والوں میں موجودہ ہیلتھ سیکرٹری حمزہ یوسف بھی شامل تھے۔ جنہوں نے نیشلے کو مکان سے بے دخلی سے بچانے کے لیے6سو پونڈ دیئے تھے۔ شیرف ٹام ہیوز نے نیشلے کو سزا سناتے ہوئے کہا کہ تم نے ان لوگوں کو دھوکہ دیا جو تم پر اعتماد کرتے تھے چنانچہ تمہارے لیے قید کی سزا ضروری ہے۔ شیرف نے مزید کہا کہ ایسے افراد جو اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں عوام کو ان لوگوں سے اتنے ہی اعلیٰ اخلاقی معیار کی توقع رکھنے کا حق حاصل ہے۔