مہاراجہ رنجیت سنگھ کے نمبرداری نظام کی بحالی کی اطلاعات تشویشناک ہیں، چوہدری قربان

July 05, 2022

لوٹن (نمائندہ جنگ) کوآرڈینیٹر کشمیر سالیڈیریٹی کمپین لوٹن حاجی چوہدری محمد قربان نے کہا کہ یہ اطلاعات تشویشناک ہیں کہ آزاد کشمیر میں مہاراجہ ہری سنگھ کے دور کے نمبرداری ظالمانہ نظام کو پھر بحال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دور میں مختلف برادریوں کو نیچے بٹھانے کا عمل کیا جاتا تھا اور طبقاتی بنیاد پر لوگوں کی تضحیک کی جاتی تھی، ہم اب اس نظام کو دوبارہ شروع کرنے کے خلاف آواز بلند کریں گے اور کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ یہاں برادری ازم کے پجاریوں کو پھر سر پر بٹھایا جائے، ہم اس نظام کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے، انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر میں اب عدالتوں اور پولیس کی موجودگی میں مہاراجہ کے دور کی واپسی بلاجواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں اس وقت پی ٹی آئی برسراقتدار ہے اس تناظر میں ہمیں یقین نہیں کہ کوئی ایسا عوام دشمن اقدام اٹھایا جاسکتا ہے، انہوں نے باالخصوص صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمودچوہدری کی توجہ ان افواہوں کی طرف مبذول کرائی ہے۔