متاثرین بارش کی فوری امداد کیلئے اقدامات کئے جائیں،بی این پی

July 05, 2022

کوئٹہ (آن لائن)بلوچستان نیشنل پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر وضلعی صدر غلام نبی مری نے اپنے بیان میں کوئٹہ میں طوفانی بارشوں کے باعث ہونے والے نقصانات پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ حالیہ بارشوں سے کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں کچے مکانات گر گئے ہیں لوگ بے یار ومددگار ہیں حکومت بلوچستان ،ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے حکام سمیت مخیر حضرات غریب عوام کی مدد کیلئے آگے آئیں، حکومت کی جانب سے متاثرین کیلئے فوری طورپر امدادی سامان کاانتظام اور انہیں ریسکیو کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں انہوں نے کہاکہ کوئٹہ بالخصوص سریاب اور گردونواح میں طوفانی بارشوںنے تباہی مچادی غریب عوام کے سینکڑوں مکانات گر گئے جس کی وجہ سے لوگ متاثر ہوئے ہیں حکومت وقت ،محکمہ پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فوری طورپر سریاب وگردونواح میں بارشوں سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کیلئے امدادی ٹیمیں تشکیل دی جائیں ،بی این پی متاثرین کے مکمل اظہار یکجہتی کرتی ہے ۔