پارٹی از اوور، برطانیہ بورس جانسن سے بہتر لیڈر کا مستحق ہے، صادق خان

July 05, 2022

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کے کابینہ ارکان کے استعفے پر میئر لندن صادق خان نے کہا کہ دی پارٹی از اوور،برطانیہ بورس جانسن سے بہتر لیڈر کا مستحق ہے۔

لندن میں بیان دیتے ہوئے صادق خان نے کہا کہ برطانیہ کے عوام، لندن کے شہریوں اور کابینہ اراکین کو بھی اس کا اندازہ ہے۔

اپوزیشن لبرل ڈیموکریٹس پارٹی کے سربراہ ایڈ ڈیوی نے کہا کہ جھوٹ اور دھوکے پر کھڑی عمارت منہدم ہو رہی ہے۔

انہوں نے بورس جانسن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم نے عظیم ملک کو بہت دیر بدنام کر لیا، بس اب چلے جاؤ۔

اپوزیشن لیڈر سر کئیر اسٹارمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہوزرا کو عوامی مفاد میں اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزرا کو بورس جانسن کو ہٹانے میں کردار ادا کرنا ہوگا، وزرا کے مستعفی ہونے سے وزیراعظم پر استعفیٰ کے لیے دباؤ بڑھے گا۔

دوسری طرف برطانوی حکومت کی کابینہ کے دیگر سینئر اراکین نے وزیراعظم بورس جانسن پر اعتماد کا اظہار کیا۔

سیکرٹری خارجہ لِز ٹرس، ہوم سیکرٹری پریتی پٹیل، سیکرٹری دفاع بین والس اور ڈپٹی وزیراعظم ڈومینیک راب نے بورس جانسن کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔