آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کشمیر کی نظریاتی سرحدوں کی محافظ ہے، راجہ اسحٰق صابر، برمنگھم میں تنظیم سازی

July 06, 2022

برمنگھم(آصف محمود براہٹلوی) اوورسیز میں آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کا منظم اور متحد ہونا تحریک آزادی کشمیر اور حریت رہنما یٰسین ملک کی رہائی کے لیے انتہائی اہم ہے۔ کسی بھی سیاسی جماعت کی ذیلی تنظیمیں اسکی مضبوطی کا سبب بنتی ہیں، وہ اسکے ونگز ہوتے ہیں جو جماعت کو اونچی اڑان پر لے جاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی کنوینر آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس برطانیہ راجہ اسحٰق صابر نے برمنگھم برانچ کے عہدیداروں کی نامزدگی کے موقع پر پارٹی عہدیداروں کے اہم اجلاس میں کیا۔آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس برمنگھم کی تنظیم سازی رکنیت سازی کے بعد مرکزی کنوینر راجہ اسحٰق صابر کی سربراہی میں مکمل کر لی گئی ہے۔ نئی تنظیم میں سرپرست اعلیٰ کونسلر چوہدری عظیم، سابق لارڈ میئر صدر سید عاشق حسین شاہ کاظمی،جنرل سیکرٹری چوہدری جاوید ایڈووکیٹ، سینئر نائب صدر سید اظہر حسین گیلانی ایڈووکیٹ، نائب صدر اوّل راجہ بشیر،نائب صدر دوم راجہ اللہ دتہ، چیف آرگنائزر چوہدری مطلوب حسین سیکریٹری نشرواشاعت و سوشل میڈیا چوہدری اشفاق نامزد ہوگئے۔ اس موقع پر مرکزی کنوینر راجہ اسحٰق صابر کا کہنا تھا کہ آج الحمدللہ برمنگھم کی تنظیم مکمل کر کے ایک سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کشمیر کی نظریاتی سرحدوں کی محافظ ہے۔ اس کا مضبوط ہونا تحریک آزادی کشمیر کے مضبوط ہونے کے مترادف ہے۔ ہم مجاہد اوّل سردار عبدلقیوم خان کے نظریات و افکار کیمطابق سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان کی قیادت میں جدو جہد جاری رکھیں گے۔نو منتحب صدر سید عاشق حسین کاظمی کا کہنا تھاکہ جس اعتماد کا اظہار کیا گیا۔ انشااللہ قیادت کیساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے رہیں گے پاکستان، آزادکشمیر اور مہاجرین مقیم پاکستان غرض ہر جگہ پر مسلم کانفرنس کا پیغام پہنچائیں گے۔ اسی طرح دیگر عہدیداران نے قیادت کے فیصلے پر لبیک کہا۔ اس موقع پر مسلم کانفرنس کے سفارتی سطح پر کام کرنے والے ڈاکٹر فاروق خان، راجہ زیارب خان، راجہ عمر مہتاب اور دیگر موجود تھے۔ آخر میں سابق سرپرست اعلیٰ اور ممبر مجلس عاملہ سینئر کونسلر چوہدری فاضل مرحوم سمیت محفل میں موجود ساتھیوں کے وفات پا جانے والے رشتہ داروں کیلئے اجتماعی فاتحہ خوانی کی گئی۔