5جولائی پاکستانی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے،قاری محمد عباس

July 06, 2022

لندن(پ ر )پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ کے رہنماؤں علامہ قاری محمد عباس صدر مذہبی امور پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ اور آصف نسیم راٹھور چیف آرگنائزر بھٹو شہید ایوارڈ کمیٹی برطانیہ اور پاکستان پیپلز پارٹی بریڈفورڈ کے صدر نے پانچ جولائی کے حوالے سے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 5جولائی پاکستانی تاریخ کا بدترین اور سیاہ ترین دن ہے، اس دن ایک فوجی ڈکٹیٹر جنرل ضیاء الحق نے عوام کی منتخب کردہ جمہوری حکومت پر شب خون مار کر غاصبانہ قبضہ کر لیا تھا، اس دن پاکستان کو دُنیا کی چھٹی ایٹمی قوت و طاقت سے مزین و آراستہ کرنے والے محسن پاکستان اس وقت کے عوام کے منتخب کردہ وزیراعظم قائد عوام شہید ذوالفقارعلی بھٹو کو قتل کے جھوٹے مقدمہ میں گرفتار کر کے پابند سلاسل کر دیا تھا ، جنرل ضیاء الحق نے اپنے بدترین عمل سے پاکستان میں جمہوری سفر کو روک کر اور آئین کو کلی طور پر معطل کر کے ملک کو تاریکی اور اندھیروں میں ڈبویا اور قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی دشمنی اور بغض میں ملک کو لامتناہی نقصان پہنچا کر صدیوں پیچھے دھکیل دیا۔پاکستان پر طویل ترین عرصہ تک ایوان اقتدار پر قابض رہنے والے فوجی ڈکٹیٹر جنرل ضیاءالحق کے جمہوری حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کرنے کے خلاف ملک بھر میں پیپلز پارٹی کے جیالے اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں۔ 5 جولائی 1977ء کو پاکستان میں جمہوریت کا گلا گھونٹ کر ملک میں فرقہ واریت، جبر و ظلم ، علاقائی تعصب اور دہشت گردی کاخاردار بیج بویا گیا تھا، زمانہ گواہ ہے کہ ڈکٹیٹر ضیاءالحق کے تباہ کن اقدامات کا مکمل ازالہ آج بھی ممکن نہیں ہوسکا۔ آمریت جس روپ میں بھی ہو وہ استعماری قوتوں کی آلہ کار ہوتی ہے اسکے نزدیک قومی اور ملکی مفاد کی حیثیت ہمیشہ ثانوی رہی ہے۔ ڈکٹیٹر ضیا ءالحق نے ملک کو استعماری قوتوں کے ہاتھوں یرغمال بنائے رکھا، اس کے وسائل کو ان کے حق میں استعمال کیا، سیاچن گلیشیئر پلیٹ میں رکھ کر دشمن کے حوالے کیا مگر غیروں کے مفاد کی جنگ میں لاکھوں معصوم نوجوانوں کو موت کے منہ میں دھکیل دیا گیا اپنے ملک اور اپنے خطے کی پرواہ تک نہ کی۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی پاکستان کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں لیکن ان کا یہ کارنامہ کہ انھوں نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کی بنیاد رکھ کر قوم کو ازلی دشمن بھارت کی درندگی سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے آزاد کیا، شہید ذوالفقار علی بھٹو کا نام قیامت تک تاریخ میں سنہرے حروف میں لکھا جاتا رہے گا، دنیا جانتی ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو کا نام آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ و پائندہ ہے اور بھٹو کے سفاک قاتلوں اور بدترین دُشمنوں کا کوئی نام لینے والا بھی نہیں ہے۔ تاریخ ظالموں کا خود احتساب و استحصال کرتی ہے ۔