بجلی کی سبسڈی چیلنج کر کے PTI نے مکروہ حرکت کی: عطاء تارڑ

July 06, 2022

فائل فوٹو

مسلم لیگ ن کے رہنما عطاء اللّٰہ تارڑ کا کہنا ہے کہ بجلی کی سبسڈی چیلنج کر کے پی ٹی آئی نے مکروہ حرکت کی ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما عطاء اللّٰہ تارڑ کا بجلی سبسڈی چیلنج کیے جانے پر ردّعمل سامنے آگیا۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تحریکِ انصاف نے انتہائی قابلِ مذمت قدم اٹھایا ہے، غریب عوام کے لیے بجلی کا بل ادا کرنا بہت مشکل تھا۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ کسان، فیکٹری ورکر اور دیہاڑی دارطبقے کے لیے یہ ریلیف پیکیج ضروری تھا، عام آدمی کو ریلیف دینا تحریکِ انصاف کو پسند نہیں آیا۔

اُن کا مزید کہنا ہے کہ ریلیف پیکیج بجٹ کا حصہ ہے، جسے اسمبلی سے منظور کرایا گیا ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما عطاء اللّٰہ تارڑ کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس پیکیج کا اطلاق صرف 20 حلقوں پر نہیں بلکہ پورے پنجاب میں ہو گا۔

واضح رہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے پنجاب میں 100 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کو بجلی مفت دینے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ کم بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کا خرچہ صوبائی حکومت اٹھائے گی۔

حمزہ شہباز کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس ضمن میں 100 ارب روپے مختص کر دیے گئے ہیں جن سے 90 لاکھ خاندانوں کو فائدہ ہوگا، ضرورت مندوں کو سولر پینل بھی بلا معاوضہ ملیں گے، مہنگائی کا جن بوتل میں بند ہو گا۔

دوسری جانب پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما اسد عمر نے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو مفت بجلی کے معاملے پر چیلنج دے دیا ہے۔