عمران خان وزیر اعظم ہوتا تو سستی گیس اور تیل آچکا ہوتا، پی ٹی آئی کے انتخابی جلسے میں تقاریر

July 07, 2022

لاہور (نمائندہ جنگ) پی پی 158کی الیکشن مہم کے سلسلے میں اپر مال پر سابق ایم این اے رضا نصر اللہ گھمن کی رہائش گا ہ پر تحریک انصاف کا جلسہ ہوا۔اس موقع پر فرخ حبیب ،میاں محمودالرشید اور حلقے سے امیدوار میاں محمد اکرم عثمان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان ایک ہزار ارب کی سرمایہ کاری ملک میں لیکر آیا، آج عمران خان پاکستان کا وزیر اعظم ہوتا تو سستی گیس اور تیل آچکا ہوتا ۔یہ الیکشن اب حق اور باطل کا معرکہ بن چکا ہے۔ امپورٹڈ حکومت اتنی بوکھلائی ہوئی ہے کہ آج حکومتی وزراء نے 8 پریس کانفرنسز کیں ۔شہباز شریف کو سوتے جاگتے عمران خان کے سوا اور کوئی نام یاد نہیں آتا۔ ان لوگوں نے 90 دن کے اندر تباہی مچا دی۔ صنعتیں بند اور مزدور بے روزگار ہو رہا ہے۔ یہ کس منہ سے تقریریں کرتے ہیں. ٹیسٹ ٹیوب لیڈر شپ نہیں چل سکتی۔