کراچی (نیوز ڈیسک) لیبیا کو جنگی طیاروں کی فروخت سے چین کے بڑھتے اثر و رسوخ میں پاکستان کا کلیدی کردار واضح ہے، یہ سودا صرف مالی فائدے تک محدود نہیں، اس سے پاکستان کی دفاعی صنعت کی عالمی ساکھ مضبوط ہوتی ہے۔ معاہدہ خطے میں پاکستان کے بڑھتے کردار اور چین کیساتھ گہرے اسٹریٹجک تعلقات کو بھی نمایاں کرتا ہے۔ سائوتھ چائنا مورننگ پوسٹ میں شائع آرٹیکل کے مطابق پاکستان چین کے ساتھ مشترکہ طور پر تیار کیے گئے جنگی طیارے لیبیائی نیشنل آرمی (ایل این اے) کو فروخت کر رہا ہے، جسے تجزیہ کار شمالی افریقہ میں بیجنگ کے اثر و رسوخ کو بڑھانے کے لیے ایک دروازہ قرار دے رہے ہیں۔ پاکستان کے سب سے بڑے ہتھیاروں کے سودوں میں سے ایک میں، 16 جے ایف 17 "تھنڈر" لڑاکا طیارے چار ارب امریکی ڈالر سے زائد کی فوجی سازوسامان کی فروخت میں شامل ہیں، جس کا انتظام خلیفہ حفتر کی قیادت والی فوج کے لیے کیا گیا ہے جو ملک کے مشرقی حصے پر کنٹرول رکھتی ہے۔