لاہور(آصف محمود بٹ) پنجاب کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ(سی سی ڈی) کا آن لائن فراڈ کے منظم نیٹ ورکس کیخلاف بڑے آپریشن کافیصلہ۔ٹیکنالوجی پر مبنی جرائم کیخلاف خصوصی یونٹس حرکت میں آ ئینگے ،پولیس آرڈر (ترمیمی) ایکٹ کے تحت کارروائی کے اختیارات حاصل ہیں۔ماہرین نے کہا ہے کہ آپریشن میں آن لائن ٹرانزیکشنز کی نگرانی، فراڈ کرنے والے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی شناخت، مشتبہ افراد کا تعاقب شامل ہوگا۔ پنجاب کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) نے صوبے بھر میں آن لائن فراڈ اور سائبر کرائم کے بڑھتے رجحان کے پیش نظر بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اعلیٰ حکام کی تحریری ہدایات کے بعد یہ آپریشن اس ہفتے سے شروع ہوگا۔سی سی ڈی کے سربراہ ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس سہیل ظفر چٹھہ نے "جنگ" کو بتایا کہ ہمیں الیکٹرانک ڈیوائسز،موبائل فونز، جعلی ایپلیکیشنز اور آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے فراڈ کرنے والے افراد اور منظم گروہوں کے خلاف فوری کارروائی کی منظوری دے دی گئی ہے ۔ تحریری ہدایات موصول ہوتے ہی آپریشن فوراً شروع ہوگا۔سی سی ڈی کو پولیس آرڈر (ترمیمی) ایکٹ 2025 کے تحت مکمل قانونی اختیارات حاصل ہیں۔ آرٹیکل 18C اور ذیلی شق 17 کے تحت جدید ٹیکنالوجی یا الیکٹرانک آلات کے ذریعے کیے جانے والے جرائم کو سنگین اور منظم قرار دیا گیا ہے۔ اب سی سی ڈی مقدمات درج، شواہد ضبط اور مجرموں کو گرفتار کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔