برطانوی عوام کیلئے مہنگائی کےباعث جانورپالنامشکل

August 09, 2022

لندن (نیوز ڈیسک) برطانیہ میں بڑھتی مہنگائی اور اخراجات میں اضافے کی وجہ سے پالتو جانوروں کیلئے بھی مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ ملک میں جانوروں کی فلاح و بہبو دکیلئے کام کرنے والی تنظیم رائل سوسائٹی فار پریوینشن آف کریوئلٹی ٹوُ اینیملز (آر ایس پی سی اے) نے خبردار کیا ہے کہ جیسے جیسے مہنگائی بڑھتی جائے گی، لوگوں کیلئے اپنے پالتو جانوروں کیلئے کھانے پینے کا انتظام کرنا مشکل ہو جائےگا، اندیشہ ہے کہ لوگ اپنے پالتو جانوروں کو لاوارث چھوڑ دیں گے یا انہیں فلاحی سینٹرز میں جمع کرا دیں گے۔ تنظیم نے یہ بھی خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بیمار ہونے والے پالتو جانوروں کو لوگ ڈاکٹرز کے پاس لیجانے کی بجائے خرچہ بچانے کیلئے انہیں گھریلو ٹوٹکوں سے ٹھیک کرنے کی کوشش کریں گے جس سے صورتحال بگڑ سکتی ہے۔ رواں ہفتے کے آغاز میں تنظیم نے ایک بیان جاری کیا تھا جس میں بتایا گیا تھا کہ ملک میں معیارِ زندگی کو برقرار رکھنے کے معاملے میں ایک بحران پیدا ہوگیا ہے کیونکہ روزمرہ کے اخراجات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ کورونا وبا کے دوران لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے تقریباً تیس لاکھ کتے مختلف سینٹرز سے گود لیے تھے اور اب امکان ہے کہ ان کی خوراک اور دیکھ بھال پر آنے والے اخراجات سے بچنے کیلئے لوگ انہیں لاوارث چھوڑ سکتے ہیں یا پھر انہیں فلاحی سینٹرز میں جمع کرا سکتے ہیں۔ تنظیم نے بتایا ہے کہ 92؍ ہزار پالتو جانوروں کو رواں سال مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔