محرم کے دوران ہر مکتبہ فکر کے لوگ اپنی عقیدت کا اظہار کرتے ہیں، مرتضیٰ وہاب

August 09, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی مشیر قانون و ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضٰی وہاب نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران ہر مکتبہ فکر کے لوگ اپنی عقیدت کا اظہار کرتے ہیں، ماضی میں بھی اسی انتظامیہ نے انہی علماء کرام کے ساتھ بیٹھ کر مسائل حل کئے ہیں میرے ساتھ کراچی کی پوری انتظامیہ موجود ہے، ہمارا بنیادی مقصد یہ ہے کہ اب ہم سب کو مل کر کام کرنا ہے جو اتحاد محرم الحرام اور ربیع الاول میں نظر آتا ہے وہ پورے بارہ مہینے نظر آنا چاہئے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹرل پولیس آفس کراچی آمد کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے انہیں بریفنگ دی، ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ محرم الحرام کی 7تا 10تاریخیں بہت اہم ہوتی ہیں ان ایام میں شہر کے مختلف مقامات پر مجالس، تقریبات اور جلوس نکالے جاتے ہیں اور ان کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام اداروں نے مل کر کام کیا، ہر سال کی طرح اس سال بھی تمام ادارے اپنا کام کررہے ہیں، انہو ں نے کہا کہ رینجرز، پولیس، ضلعی انتظامیہ، فائر بریگیڈ، ریسکیو تمام ادارے آن بورڈ ہیں اور آپس میں مکمل رابطے میں ہیں، تمام اداروں نے مکمل پول پروف انتظامات کئے ہیں تاکہ جلوس کے شرکاء کو کسی بھی قسم کی کوئی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور جلوس اپنے اختتامی مقام پر با آسانی پہنچ سکے۔