بلوچستان، خواتین و بچوں میں جلد، معدے اور سانس کے انفیکشنز کی نشاندہی

August 09, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان میں بارش و سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی جانب سے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتال اوتھل میں میڈیکل کیمپ لگایاگیا جہاں 700کے قریب مریضوں کا مفت علاج ومعائنہ کیاگیا اور انہیں تقریباً ایک لاکھ روپے کی مفت ادویات فراہم کی گئیں،مریضوں میں 70فیصد تعداد خواتین اور بچوں کی تھی جن میں جلد ، معدے اور سانس کے انفیکشنز کی نشاندہی ہوئی۔ اس حوالے سے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے کہاکہ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی مشکل کی اس گھڑی میں بلوچستان کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے، بارش و سیلاب کے متاثرین میں مختلف بیماریوں کی شکایات کو مد نظر رکھتے ہوئے جامعہ کے انسٹیٹیوٹ برائے فیملی میڈیسن کی ایک حوصلہ افزائی ٹیم اور اسٹوڈنٹ کونسل کی طالبات نے پروفیسر ماری اینڈریڈزکی رہنمائی میں طبی خدمات انجام دیں، اس طرح کے میڈیکل کیمپ دیہی علاقوں کے پسماندہ طبقوں میں صحت عامہ سے متعلق آگاہی بڑھانے کے ساتھ ساتھ ان کی دہلیز پر مفت معیاری طبی سہولتیں فراہم کر سکتے ہیں۔ انسٹیٹیوٹ آف فیملی میڈیسن کی سربراہ پروفیسر ماری اینڈریڈز کے علاوہ میڈیکل کیمپ میں سینئر لیکچرار ڈاکٹر پرادیپ رائی، لیکچرار ڈاکٹرصدف بدی الزماں ، جےایس ایم یو کے سال آخرکی میڈیکل طالبات سیدہ ماہین زہرہ اور حنا جاوید، رجسٹرڈ نرس تبسم، ڈسپنسر ذاکر خان، جونیئر کلرک شاہ جہاں اور نائب قاصد اسد شامل تھے۔پروفیسرماری اینڈریڈز نے بتایا کہ مریضوں کی بڑی تعداد میں جلد ، معدے اور سانس کے انفیکشنز پائے گئے،اس کے علاوہ خواتین اور بچوں دونوں میں ہی خون کی کمی کے ساتھ ساتھ غذائی قلت بہت زیادہ دیکھنے میں آئی، کیمپ میں ذیابیطس اور ہائپر ٹینشن جیسے نا قابل ترسیل امراض کا بھی علاج کیا گیا، میڈیکل کیمپ کیلئے ضروری طبی سامان رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان کی معاونت سے فراہم کیاگیا۔