کراچی (ٹی وی رپورٹ) سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ حکومت کا کام فزیبلٹی نہیں سازگار ماحول بنانا ہے ، نوازحکومت کاروبار دوست تھی ،شہباز شریف کے ہوتے ہوئے ایکسپورٹس نہیں بڑھ سکتیں۔سابق ٹیسٹ کپتان راشد لطیف نے کہا کہ انڈر 23کرانے کی ضرورت ہے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کر رہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ہمیں آئی ایم ایف سے رعایتیں نہیں مانگنی چاہئیں اپنے اخراجات کم کرنے چاہئیں ایکسپورٹس بڑھانے کی بات تو درست ہے مگر ایکسپورٹس بڑھائیں گے کیسے؟ کچھ تو نظر آئے جس سے لگے کہ معیشت ترقی کی طرف جارہی ہے۔ حکومت تیرہ ارب ڈالر غیر ضروری تعمیراتی اخراجات پر خرچ کرتی ہے۔ اگر آپ خسارہ بڑھائیں گے تو آئی ایم ایف سے جان کیسے چھوٹے گی۔