کراچی( ٹی وی رپورٹ) ماہرین و عالم دین نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل کے خطاب کے دوررس نتائج حاصل ہونگے،ان کا خطاب پاکستانی قوم کی ترجمانی تھی اور کتاب و سنت کے دلائل سے مزین تھا۔ میجر جنرل (ر) طارق رشید خان، سید محمد علی، ڈاکٹر قمر چیمہ، احمد حسن العربی، علامہ ضیاء اللہ شاہ بخاری اور مولانا عبدالخبیر آزاد جیو نیوز سے گفتگو کررہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق دفاعی تجزیہ کار میجر جنرل (ر) طارق رشید خان نے کہا کہ فیلڈ مارشل کے خطاب میں تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ شامل تھے ۔ اللہ نے پاکستان کو جو عزت دی ہے ہمیں اسلام اور دنیاوی تعلیم حاصل کرنی چاہئے ۔ فیلڈ مارشل نے بتایا کہ موجودہ حالات میں جو ٹیکنالوجیز آرہی ہیں اس میں ہمیں جدید علوم کو حاصل کرنا ہوگا۔ اس خطاب کے بہت ہی دوررس نتائج حاصل ہوں گے۔ ماہر سکیورٹی امور ڈاکٹر قمر چیمہ نے کہا کہ کسی بھی ملک میں علماء و مشائخ ایک اہم کردار رکھتے ہیں اور پچھلے کچھ عرصے میں جو پاکستان کی پروفائل عالمی سطح پر بہتر ہوئی ہے اس کی وجہ سے علماء و مشائخ کو اپڈیٹ کرنا کہ کس طرح پاکستان کو 57 اسلامی ممالک میں حرمین شریفین کی ذمہ داری ہمیں ملی ہے یہ کس طرح ہمارے ملک و عوام کے لئے کس طرح اہم ہے۔ فیلڈ مارشل نے علماء و مشائخ پر یہ بھی واضح کیا ہے کہ کس طرح افغانستان سے پاکستان میں دہشت گردی کی جارہی ہے اسی لئے علماء کو چاہئے کہ وہ علمی سطح پر افغان طالبان کو اینگیج کریں اور انہیں قائل کریں کہ وہ کیسے اسلامی ملک پر حملہ کرسکتے ہیں۔