کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے شعبہ اقلیتی امور کے زیرِ اہتمام بہادر آباد مرکز سے متصل پارک میں کرسمس کے حوالے سے تقریب منعقد کی گئی، جس کا اسٹیج بین المذاہب ہم آہنگی کا خوبصورت منظر پیش کر رہا تھا۔ تقریب میں چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور مسیحی برادری کے مذہبی پیشواؤں (پادری صاحبان) کے ہمراہ کرسمس کا کیک کاٹا۔ اس موقع پر اسٹیج پر موجود اراکینِ مرکزی کمیٹی و سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار اور حق پرست اراکینِ اسمبلی نے مسیحی برادری کو مبارکباد دی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان تمام مذاہب کے پیروکاروں کا ایک خوبصورت گلدستہ ہے اور ہم مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قیامِ پاکستان سے لے کر آج تک وطنِ عزیز کی تعمیر و ترقی، خاص طور پر تعلیم اور صحت کے شعبوں میں مسیحی برادری کا کردار ناقابلِ فراموش ہے اور ہم ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ تقریب سے شعبہ اقلیتی امور کے مرکزی انچارج پطرس یوسف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان واحد جماعت ہے جو عملی طور پر اقلیتوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے پر یقین رکھتی ہے اور ہم اپنی مسیحی برادری کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔