آئی جی کا امام بارگاہ اثناء عشری کا دورہ‘ جلوس کے حفاظتی اقدامات کا جائزہ

August 09, 2022

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصرخاں نے 9ویں محرم الحرام کو مرکزی امام بارگاہ اثناء عشری جی سکس کا دورہ کیا‘ اور مرکزی امام بارگاہ سے برآمد ہونے والے جلوس کے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا۔ ایس ایس پی آپریشنز ملک جمیل ظفر اور ایس ایس پی ٹریفک ڈاکٹر سید مصطفیٰ تنویر نے انتظامات کے متعلق بریف کیا۔ اس موقع پر آئی جی نے کہا کہ اسلام آباد کیپٹل پولیس نے محرم الحرام کے دوران ضلع بھر میں سخت سکیورٹی انتظامات کئے ہیں، 9محرم الحرام کی مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے بائیس سو افسران و جوان تعینات کئے گئے ہیں۔ مرکزی امام بارگاہ اور جلوس کی سخت نگرانی کیلئے سیف سٹی کیمروں اور ڈرونز کی مدد سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، جس کا مرکزی کنٹرول روم سیف سٹی میں قائم ہے، سیف سٹی اسلام آباد کے کل 2066میں سے 2050کیمروں سے نگرانی و سرویلنس جاری ہے۔۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ 9محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے پیش نظر ضلع بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے‘ وفاقی دارالحکومت کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجینسی نافذ کی گئی ہے، کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے کوئیک رسپانس فورس چوکس ہے۔ جلوس کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے بم ڈسپوزل سکواڈ نے جلوس کے راستوں کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کلیئر کیا ہے۔ شہریوں کیلئے جلوس میں داخلے کیلئے پوائنٹ مختص کئے گئے ہیں جس کی نگرانی کیلئے پولیس کی بھاری نفری بھی موجود ہے۔ خواتین کی چیکنگ کیلئے لیڈی پولیس اہلکار تعینات ہیں جبکہ جلوس میں داخلے کیلئے علیحدہ سے انٹری پوائنٹ موجود ہیں۔ آئی جی نے کہا کہ اسلام آباد میں امن و عامہ کی صورتحال کو یقینی بنانے کیلئے اسلام آباد کیپٹل پولیس ہمہ وقت تیار ہے، کسی کو بھی امن و امان کی صورتحال کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔