ایگزیکٹیو آفیسر کا اضافی چارج دینے کے خلاف دائر رٹ پٹیشن خارج

August 09, 2022

پشاور(نیوز رپورٹر)پشاور ہائیکورٹ نے محکمہ صحت کے ایک افسر کو تیمرگرہ میڈیکل کالج دیرلوئر کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کا اضافی چارج دینے کے خلاف دائر رٹ پٹیشن خارج کردی، رٹ پر فیصلہ جسٹس محمد نعیم انور اور جسٹس محمد اعجاز خان پرمشتمل بنچ نے جاری کیا ہے ،دیرلوئر کے رہائشی آزاد بخت اور بختاور سید نامی درخواست گزاروں نے رٹ دائر کی تھی جس میں انہوں نے موقف اپنایا تھا کہ ریجنل ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ملاکنڈ ڈاکٹر شوکت علی کوتیمرگرہ میڈیکل کالج کے سی ای او کا چارج دیا گیا ہے جبکہ اسے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال تیمرگرہ جنہیںبعد میں ٹیچنگ ہسپتال کا درجہ دیا گیا ،اس کا چارج بھی حوالے کیا گیاہے۔ رٹ کے مطابق ڈاکٹر شوکت ڈی ایچ کیو ہسپتال کے ایم ایس تھے جسے بعد میں ریجنل ڈائریکٹر ملاکنڈ بنایاگیا اورایک نوٹیفیکیشن کے ذریعے انہیں تیمرگرہ میڈیکل کالج کے پروجیکٹ ڈائریکٹر کا بھی عہدہ دیا گیاتھا۔رٹ میں اعتراضات اٹھائے گئے کہ ہسپتال میں بعض عہدوں پر تقرریاں بھی صوبائی حکومت کی پالیسی کے خلاف کی گئی ہیں جبکہ تیمرگرہ میڈیکل کالج کے سی ای او کے عہدے کیلئے پرنسپل ہونے کے ساتھ ساتھ مطلوبہ اہلیت بھی درکار ہے جو متعلقہ افسر کے پاس نہیں ہے تاہم دورکنی فاضل بنچ نے رٹ پرتفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے قراردیاکہ تیمرگرہ میڈیکل کالج ارتقائی عمل سے گزررہا ہے لہذا اس اسٹیج پر ایسے اعتراضات اٹھانا اس لئے بھی درست نہیں کیونکہ اسے اب بھی ایک پروجیکٹ کی حیثیت سے چلایاجارہاہے۔