پشاور (خصوصی نامہ نگار) مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان خیبر پختونخوا تاج محمد خان ترند نے سیکرٹری کھیل محمد آصف، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس تاشفین حیدر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ منیر عباس اور ریجنل سپورٹس آفیسر پشاور کاشف فرحان کے ہمراہ طہماس خان فٹ بال اسٹیڈیم اور عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم کا تفصیلی دورہ کیا، دورے کا مقصد اسٹیڈیمز میں جاری ترقیاتی کاموں، دستیاب سہولیات اور مستقبل کے منصوبوں کا جائزہ لینا تھا۔ دورے کے دوران مشیر کھیل کو طہماس خان فٹ بال اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن، گراؤنڈ کی بہتری، پویلین، تماشائیوں کے لئے نشستوں، سیکورٹی اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اسی طرح عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم میں جدید سہولیات کی فراہمی، انفراسٹرکچر کی بہتری اور مستقبل میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ دونوں اسٹیڈیمز کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لثیے جامع منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ قومی اور بین الاقوامی مقابلوں کا انعقاد ممکن ہو سکے۔ مشیر کھیل تاج محمد خان ترند نے جاری و مجوزہ منصوبوں کی بروقت تکمیل، شفافیت اور اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ ترقیاتی کاموں میں کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے بھر میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لئے جدید اور عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔