پشاور (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے ہفتہ کو شانگلہ یونیورسٹی میں جدید ڈیجیٹل سمارٹ کلاس رومز کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سردار خان بھی موجود تھے جبکہ فیکلٹی ممبران، انتظامی افسران اور طلبہ کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق تعلیمی اداروں میں ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ڈیجیٹل سمارٹ کلاس رومز کے قیام سے طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے معیاری تعلیم میسر آئے گی اور تحقیق و تدریس کے عمل میں بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت اعلی تعلیم کے فروغ اور تعلیمی سہولیات کی بہتری کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سردار خان نے وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شانگلہ یونیورسٹی میں ڈیجیٹل سمارٹ کلاس رومز کا قیام تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس جدید سہولت سے اساتذہ اور طلبہ دونوں کو جدید تدریسی طریقوں سے استفادہ کرنے کا موقع ملے گا۔ تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی نے یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور تعلیمی سرگرمیوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔