• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مردان شعبہ حادثات و او پی ڈی میں 12 لاکھ 70 ہزار طبی سہولیات فراہم

پشاور (خصوصی نامہ نگار) میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز مردان میڈیکل کمپلیکس (ایم ایم سی) ،بینظیر بھٹو چلڈرن ہسپتال مردان اور پشاور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) نے سالانہ کارکردگی رپورٹس جاری کر دیں۔ ایم ایم سی رپورٹ کے مطابق شعبہ حادثات اور او پی ڈیز میں گزشتہ سال کے دوران مجموعی طور پر 12،70،256 مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔ایم ایم سی کی شعبہ حادثات میں 5،47،449 جبکہ او پی ڈی میں 5،09،203 مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔ اسی طرح بے نظیر بھٹو چلڈرن ہسپتال کے شعبہ حادثات میں 1،42،878 جبکہ او پی ڈی میں 71،032 بچوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں،97،301 مریضوں کو مزید علاج اور تشخیص کی غرض سے مختلف شعبوں میں داخل کیا گیا۔داخل مریضوں میں 54،193 مریضوںکا صحت کارڈ کے ذریعے مفت علاج کیا گیا۔ مردان میڈیکل کمپلیکس میں 11،89،373 مختلف نوعیت کے لیبارٹری ٹیسٹ کئے گئے جبکہ 1،97،221 مریضوں کے ایکسرے، سٹی سکین، الٹراساؤنڈز اور ایم آر آئی کی گئی۔رپورٹ کے مطابق پچھلے سال 33،973 بڑے اور چھوٹے نوعیت کے آپریشنز کئے گئے، اس کے علاوہ ایم ایم سی میں 9،112 بچوں کی ولادت بھی ہوئی۔ ہسپتال میں پچھلے سال میں 12،550 ڈائیلاسسز کی گئیں، 2،10،101 افراد نے آئی بی پی خدمات سے استفادہ کیا جن میں 3،258 کو مزید علاج معالجے کی غرض سے داخل کیا گیا۔ ایم ایم سی میں کیتھ لیب کو فعال کیا گیا جہاں گزشتہ سال 7،00 مریضوں کی انجیوگرافی اور انجیوپلاسٹیز کی گئیں۔ ایم ایم سی میں گزشتہ سال بونیر ودیگر جگہوں میں سیلاب میں زخمی ہونے والے 30 افراد کو مفت طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔ 1،019 ڈینگی مریضوں کا علاج کیا گیا۔ پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی رپورٹ کے مطابق 2025 بہترین اورکامیاب رہا، پی آئی سی 2 ہزار 538 دل کے آپریشن کے ساتھ پاکستان میں امراض قلب کے بڑے ہسپتالوں کی فہرست میں نمایاں رہا، قومی ، بین الاقوامی اور ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر کے خیبر پختونخوا اور پاکستان کا نمایاں ادارہ بنا۔ رپورٹ کے مطابق ان دوہزار سے زائد دل کے آپریشنز میں 316بچوں کی اوپن ہارٹ سرجریز بھی کی گئیں۔پی آئی سی ترجمان رفعت انجم کے مطابق پی آئی سی کی او پی ڈی میں ایک لاکھ 27 ہزار748 دل کے مریضوں کا معائنہ کیا گیا جن میں 22 ہزار 563 بچے بھی شامل تھے۔سال 2025 کے دوران 19 ہزار 583 مریضوں کی انجیو گرافی اور انجیو پلاسٹی کی گئیں جبکہ ایک ہزار 222 بچوں کے دل کے سوراخ ڈیوائس کے ذریعے بند کئے گئے ۔ہسپتال ایمرجنسی میں 23 ہزار 101 دل کے مریضوں کو لایا گیا ۔ترجمان کا کہنا ہے کہ صحت کارڈ کے تحت مفت 28 ہزار 115 مریضوں کو انجیو گرافی،انجیو پلاسٹی ،دل کے آپریشنز اور دیگر علاج معالجہ فراہم کیا گیا۔پی آئی سی نے صوبے میں ایڈوانس علاج بھی متعارف کروائے جس میں بغیر سینہ چاک کئے 37 ٹاوی اور 3 مائٹرل کلپ سرجریز کی گئیں ۔
پشاور سے مزید