کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی دلچسپ واردات، سوشل میڈیا پر ’جائز ڈکیتی‘ کے عنوان سے وائرل

August 10, 2022

کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی مختلف وارداتوں کے حوالے سے کافی لے دے ہوتی رہتی ہے اور پولیس کو اکثر پریشانی کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے لیکن ڈسٹرکٹ سینٹرل کے حوالے سے منسوب 8 سیکنڈ کی ایک دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر ’جائز ڈکیتی‘ کے عنوان سے وائرل ہو رہی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سرخ شرٹ پہنے ایک بچہ گلی میں یوم پاکستان کی مناسبت سے تیز آواز میں ایک باجا بجاتے ہوئے جا رہا ہے کہ سامنے سے آنے والے موٹرسائیکل سوار دو نوجوان بچے سے باجا چھین کر فرار ہوجاتے ہیں۔

بچہ اس اچانک کارروائی میں بوکھلا کر موٹرسائیکل سواروں سے بچنے کی کوشش کرتا ہے پھر اگلے ہی لمحے سنبھل کر موٹرسائیکل سواروں کے پیچھے بھاگنے لگتا ہے۔

یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ بچہ اپنا باجا بازیاب کروانے میں کامیاب ہوا یا نہیں؟ لیکن سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو شہریوں کو کافی انٹرٹینمنٹ فراہم کرنے کا سبب بن رہی ہے۔

واضح رہے کہ 14 اگست کے قریب آتے ہی گلی کوچوں میں بچے ایسے باجوں کا بھی استعمال کرتے ہیں جن کی آواز لوگوں کو پریشان کردیتی ہے۔