پی آئی اے نے عوام کو بروقت سفری سہولیات فراہم کیں، چوہدری عامر

August 11, 2022

کوونٹری (نمائندہ جنگ )کوونٹری فلاور کے صدر عامر چوہدری نے کہا ہے کہ گرمیوں کی چھٹیوں میں پی آئی اے نے جس خندہ پیشانی اور مشکلات میں اپنی عوام کو اپنے ملک پاکستان کے ساتھ جوڑے رکھا اس کا سہرا جہاں سی ای او عامر حیات کو جاتا ہے وہیں برطانیہ کے نوجوان کنٹری مینجر ملک تیمور بھی مبارک باد کے مستحق ہیں جبکہ دوسری طرف حکومت پاکستان اور خواجہ سعد رفیق کی دلچسپی سے ایک ایسی پالیسی بنائی گئی کہ پاکستان کا ہر باشندہ چھٹیوں میں اپنی دھرتی پہنچے اور اپنے ملک سے اپنی محبت کا اظہار کر سکے۔عامر چوہدری اور پاک میڈیا کے عہدیداران نے کہا کہ سابقہ حکومت کے وفاقی وزیر سرور خان نے پی آئی اے کے جعلی پائلٹس کا بیان دے کر جہاں پی آئی اے کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا تھا وہیں پاکستانی مسافروں کو بھی انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جو اپنے ملک سے کٹ گئے تھے، لیکن پی آئی اے نے بروقت انتظامات کیئے اور پرائیویٹ جہاز بک کئے اور عوام کو بروقت مناسب سہولیات فراہم کر کے پاکستان کی قومی ایئرلائین کو زندہ رکھا۔سی ای او عامر حیات کی ملکی اور قومی محبت نے پاکستان پی آئی اے پر لگے پاکستان کے جھنڈے اور لوگو کو سرنگوں نہیں ہونے دیا بلکہ زیادہ سے زیادہ چارٹر طیارے بک کیے جن پر پاکستان کا لوگو لہراتا رہا اور پی آئی اے کا نام دنیا میں گونجتا رہا، مشکل ترین حالات میں عوام کو اپنے ملک کے قریب لانا اور پی آئی اے کو دنیا کی مارکیٹ میں زندہ رکھنے پر حکومت پاکستان سی ای او پی آئی اے کو ایوارڈ سے نوازے تاکہ اداروں کے اور اداروں میں ایسے محب وطن افراد کی حوصلہ افزائی ہو جو ملک و قوم کا درد رکھتے ہیں۔