شہداءکربلا کو خراج عقیدت ،یوم عاشور مذہبی جوش و جذبہ سے منایا گیا

August 11, 2022

راولپنڈی(، خصوصی نمائندہ ،خبر نگار خصوصی) راولپنڈی میں 10 محرم الحرا م کو شہداءکربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے یوم عاشور روایتی مذہبی جوش و جذبہ اور احترام سے منایا گیا۔اس موقع پر نواسہ رسول حضرت امام حسین اور اُن کے72جانثاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے شہر بھر میں علم، ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس نکالے گئے ۔ راولپنڈی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ سے برآمد ہو۔اس موقع پر ٹی این ایف جے کے سیکرٹری جنرل شجاعت علی بخاری نے جلوس کی قیادت اورتبرکات کی زیارت کے ساتھ کمیٹی چوک میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہاکہ آج ہر حریت پسند حسینیت سے روشنی اور طاقت حاصل کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری ہمارا بنیادی انسانی و آئینی حق ہے جس سے ہم دستبردار نہیں ہو ں گے۔بعد ازاں امام بارگاہ حفاظت علی شاہ بوہڑ بازار اور امام بارگاہ کرنل مقبول حسین کالج روڈ سمیت شہر بھر سے برآمد ہونے والے مختلف جلوس امام بارگاہ حفاظت علی شاہ تیلی محلہ سے برآمد ہونے والے مرکزی جلوس میں شامل ہوگئے۔ فوارہ چوک میں زنجیر زنی کی گئی ۔ مرکزی جلوس جامع مسجد روڈ سے ہوتا ہواامام بارگاہ قدیمی میں پہنچ کر اختتام پذیر ہو ا جہاں پر شام غریباں برپا ہوئی ۔مرکزی جلوس عاشورہ سے فوارہ چوک میں علامہ سید قمرحیدر زیدی نےخطاب کرتے ہوئے فلسفہ شہادت پر روشنی ڈالی۔دریں اثناءشیعہ علماءکونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحد ی کی سربراہی میں وفد نے مرکزی جلوس علم و ذوالجناح ،تعزیہ میں شرکت کی ۔ دریں اثناءکربلا کے عظیم شہداء کی یاد میں چوہڑ ہڑپال میں راولپنڈی کینٹ کا مرکزی ماتمی جلوس عزاخانہ سید کرم حسین کاظمی سےسید قاسم علی کے زیر اہتمام برآمد ہوا۔آغا سید علی روح العباس موسوی ایڈووکیٹ،ٹی این ایف جے محرم کمیٹی عزاداری سیل کے کنوینئر کرنل (ر) ایس ایچ کاظمی،علامہ محسن ہمدانی،علامہ ابو الحسن تقی،علامہ سید محسن ہمدانی،علامہ زاہد عباس کاظمی،سید قاسم علی ، سید فرزند علی ، سید محسن رضا ،سید غلام عباس ،حاجی تنویر کاظمی،سجاد حسین ،نذر علی ،انوار حسین ، حافظ اقبال رضوی، پیر اظہار بخاری نے جلوس عزا میں شرکت کی۔ دوران جلوس شرکاء نے چوہڑ چوک میں زنجیر زنی کی۔