سیلاب زدہ علاقوں میں بیماری

August 12, 2022

چیف سیکرٹری سندھ نے صوبے میں سات جولائی سے اب تک ہونے والی بارشوں کے دوران اور اس کے بعد متاثرہ علاقوں میں 17بچوں کی اموات کا نوٹس لیتے ہوئے ان کے اسباب معلوم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق دادو کے ضلعی حکام نے 5اور 6 اگست کو محکمہ صحت کے ذمہ داران کو خط لکھ کر بارشوں اور سیلابوں سے متاثرہ علاقوں میں کیمپ لگانے کی ہدایت کی تھی تاکہ متاثرین کو خوراک کے ساتھ ساتھ بر وقت طبی سہولیات بہم پہنچائی جاسکیں اس کے باوجود متذکرہ قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ایک تشویشناک امر ہے حالانکہ پیشگی اقدامات کی بدولت بہت سے نقصانات سے بچا جاسکتا تھا ۔ حالیہ ریکارڈ بارشوں اور سیلابوں سے بلوچستان اور سندھ میں تباہ کاریوں کے بعد دوسرے صوبوں سمیت ملک کی بہت سی شہری اور دیہی آبادیوں میں آلودہ پانی کےاستعمال سے ہیضہ اور دیگر وبائی امراض جنم لے رہے ہیں ۔ دوسری طرف جگہ جگہ کھڑے بارشی پانی کے باعث تعفن پیدا ہونے سے جلدی بیماریاں پھیلنے کا احتمال ہے نیز سندھ اور پنجاب کے اضلاع میں ڈینگی لارواہ پیدا ہونے کی بھی اطلاعات ہیں ۔ وفاقی و صوبائی حکومتوں اور ملک کی ہر ضلعی انتظامیہ کو درپیش اور ممکنہ حالات پر کڑی نظر رکھنی چاہئے۔ محکمہ موسمیات نے آنے والے دنوں میں مزید طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کررکھی ہے اور دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔ ضروری ہوگا کہ قریبی بستیوں اور نشیبی علاقوں میں پیشگی حفاظتی انتظامات کرلئے جائیں۔ شہریوں کو اپنے علاقوں میں صحت اور صفائی کا خود بھی خیال رکھنا چاہئے اور وبائی امراض پھیلانے والے اسباب سے گریز کرنا چاہئے۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998