المصطفیٰ ٹرسٹ کا پاکستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی آپریشن

August 13, 2022

لندن (پ ر) المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ پاکستان اور یوکے، کے زیر اہتمام پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امداد اور بحالی کے کام جاری ہیں، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی ٹیموں نے ہزاروں متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا، ماہر ڈاکٹرز کی نگرانی میں میڈیکل کیمپوں میں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد، ادویات، ایمبولنس سروس کی سہولیات، وافر مقدار میں کھانا،پینے کے صاف پانی اور راشن کے علاوہ خیمے بھی مہیا کئے گئے، ٹریکٹرز کی مدد سے سڑکیں اور راستے کھولنے کے بعد آمدو رفت کا سلسلہ بحال کردیا گیا ہے۔ المصطفیٰ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے بتایا کہ جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں کی وجہ سے ہرطرف تباہی پھیل گئی ہے ،المصطفیٰ کی امدادی ٹیمیوں نے فوری طور پر سیلاب زدہ علاقوں میں پہنچ کر ریلیف کا کام شروع کردیا۔جنوبی پنجاب میں کوہ سلیمان سے سیلابی ریلوں کی وجہ سے تباہی پھیلی، المصطفیٰ کی رضا کار ٹیموں نے ڈیرہ غازی خان، پل قمبر، بستی احمدانی، کوٹ مبارک، راجن پور، فاضل پور میں سیلاب میں پھنسے ہوئے خاندانوں کو کشتیوں کی مدد سے باہر نکال کر محفوظ جگہوں پر منتقل کیا، گھریلو سامان، مال مویشی بھی بحفاظت نکال لئے گئے، متاثرین سیلاب کو بعد ازاں خیمے مہیا کئے گئے، آلودہ پانی کی وجہ سے سیلاب زدہ علاقوں میں پیٹ اور جلدی امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں جس کے لئے لیب ٹیسٹوں، ادویات اور علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔المصطفیٰ کی ٹیموں نے بلوچستان میں قلعہ سیف اللہ، جھل مگسی، گنڈاواہ، کنڑا، کوٹرا، لسبیلہ سمیت دیگر علاقوں میں امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کھانے کی تقسیم کے علاوہ ہر متاثرہ خاندان کو ایک ماہ کا مفت راشن دیا گیا جس میں آٹا، دالیں، گھی چاول،چینی، چائے، بچوں کا خشک دودھ سمیت دیگر سامان شامل ہے۔ پینے کے صاف پانی کی بوتلیں بھی مہیا کی گئیں، امدادی کاموں میں افواج پاکستان اور ضلعی انتظامیہ نے بھرپور ساتھ دیا۔ عبدالرزاق ساجد نے خاص طور پر اسسٹنٹ کمشنر گنداواہ ہدایت اللہ خان کا اظہار تشکر کیا جنہوں نے امدادی کاموں میں بھرپور طریقہ سے خود بھی حصہ لیا۔ عبدالرزاق ساجد نے کہا کہ سیلاب کا سلسلہ ختم ہوچکا ہے لیکن اس وقت سب سے بڑا چیلنج متاثرہ خاندانوں کی بحالی ہے جن کے گھر، مال، مویشی، فصلیں سب کچھ تباہ ہو چکا ہے، انہوں نے کہا کہ المصطفیٰ سیلاب زدگان کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی بحالی تک امدادی کام جاری رکھے جائیں گے، مخیر اداروں اور افراد سے اپیل ہے کہ وہ المصطفیٰ کی مالی مدد کریں تاکہ سیلاب زدہ علاقوں میں گھروں کی تعمیر کا کام جلد از جلد شروع کیا جائے، مصیبت کی گھڑی میں سیلاب زدگان کو اکیلے نہیں چھوڑم جائے گا،ان کی اپنے گھروں میں باعزت واپسی اور بحالی تک ریلیف کا کام جاری رہے گا۔