یوکرین کیلئے جدید امریکی ہتھیاروں کا پیکیج تیار

August 13, 2022

واشنگٹن (نیوز ڈیسک) امریکا نے یوکرین کے لیے جدید ہتھیاروں پر مشتمل امداد کا پیکیج تیارکرلیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق یہ اب تک امریکا کی طرف سے دیے گئے پیکیجوں میں سے سب سے بڑا پیکیج ہو گا۔ اس میں طویل فاصلے تک مار کرنے والا اسلحہ، میڈیکل ٹرانسپورٹ کے لیے گاڑیاں بھی شامل ہوں گی۔ ایک ارب ڈالر کے پیکیج کے بارے میں توقع کی جا رہی ہے اس کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔24 فروری کو روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کے بعد سے امریکا کی طرف سے یوکرین کو 8.8ارب ڈالر کی امداد دی جا چکی ہے۔ یہ مزید ایک ارب دالر کی فوجی امداد بھی اسی میں جمع ہو جائے گی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی صدر جو بائیدن نے نئے امدادی پیکیج پر دستخط نہیں کیے ہیں۔ دستخط ہونے کی صورت میں پیکیج میں امریکی ایچ آئی ایم اے ار ایس اور این اے ایس اے ایم ایس زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل بھی شامل ہوں گے۔ اسی طرح میڈیکل ٹرانسپورٹیشن کی 50 کی ایم 311 فوجی ایمبولینسیں بھی شامل ہوں گی۔ یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے پینٹاگون نے یوکرین کے لیے فوجی امداد کے ایک الگ پیکج کا اعلان کیا تھا، جس کی مالیت 55کروڑ ڈالر ہے۔ اس میں بھی ہائی موبیلٹی آرٹلری راکٹ سسٹم (ایچ ایم آے آر ایس) جدید ہتھیار شامل ہیں۔ تاہم وائٹ ہاوس نے فی الحال نئے پیکیج پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔